لانڈھی میں رینجرز کے ٹرک پر حملہ ایک اہلکار جاں بحق 5 زخمی

حملہ اس وقت کیا گیا جب اہلکار ٹرک میں بیٹھ کر ڈیوٹی پر جارہے تھے، پولیس۔

بارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ فوٹو؛ ایکسپریس۔

لانڈھی میں رینجزرکے ٹرک پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس ینوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے لانڈھی میں بھٹائی رینجرز کے ٹرک پر حملہ اس وقت کیا گیا جب اہلکار ٹرک میں بیٹھ کر ڈیوٹی پر جارہے تھے، جیسے ہی رینجرز کا ٹرک لانڈھی 89 کی ٹمبر مارکیٹ کے قریب پہنچا تو موٹرسائیکل میں نصب بارودی مواد کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں 6 اہلکار زخمی ہو گئے، دھماکے کے وقت ٹرک میں 12 اہلکار موجود تھے۔


پولیس کے مطابق دھماکے میں3 سے 5 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز لانڈھی، کورنگی اور ملیر کے علاقوں تک سنی گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے ہیں جبکہ علاقے کی ہوائی نگرانی کی جا رہی ہے۔

امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمی اہلکاروں کوطبی امداد کے لئے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا، جناح اسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے 6 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرز اہلکاروں کو بال بیرنگ اور چھرے لگنے کے باعث زخم آئے ہیں، 2 اہلکاروں کی حالت یشویشناک ہونے کے باعث انھیں فوری طور پر آپریشن تھیٹر منتقل کر دیا گیا جس میں سے ایک اہلکار دوران علاج چل بسا۔
Load Next Story