وفاق کے پاس ہر مسئلے کا جواب سندھ حکومت ہے مرتضیٰ وہاب

وفاق کو سندھ حکومت سے بغض کے باہر نکلنا ہوگا، ترجمان سندھ حکومت


ویب ڈیسک August 04, 2020
عید پر حکومت نے چینی اورپیٹرول کی سنچری کی، ترجمان سندھ حکومت فوٹو: فائل

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ وفاق کے پاس ہر مسئلے کا جواب سندھ حکومت ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چینی بحران پر چند سوالات اٹھائے تھے، کسی نے میرے سوالات کا آج تک جواب نہیں دیا، انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں واضح ہے چینی برآمد کرنے کی وجہ سے بحران ہوا، ایک بار پھر 3 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق کہیں بھی 70 روپے کلو چینی نہیں مل رہی، یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی چینی 70 روپے کلو دستیاب نہیں۔ عید پر حکومت نے چینی اور پیٹرول کی سنچری کی۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ وفاق کے پاس ہر مسئلے کا جواب سندھ حکومت ہے، ان سے پوچھا جائے کہ پارلیمنٹ صحیح نہیں چل رہی تو وہ کہیں گے مراد علی شاہ کی وجہ سے، اسلام آباد میں آٹا مہنگا ہے تو اس کا سندھ سے کیا تعلق؟، لاہور ، فیصل آباد اور پشاور میں بھی آٹا نایاب ہے تو کیا اس کی وجہ سندھ حکومت ہے؟ آپ اپنی ناکامی اور نااہلی تسلیم کریں، آپ پاکستان کی تاریخ کی سب سے نااہل حکومت ہیں۔ سندھ حکومت پر ملبہ ڈالنا غلط اور غیر مناسب ہے، وفاق کو سندھ حکومت کے بغض سے باہر نکلنا ہوگا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ خوشی ہوئی ایف بی آر کی ٹیکس محصولات میں 22 فیصد اضافہ ہوا، امید تھی پہلی بار این ایف سی کی مد میں سندھ کو پورے فنڈ ملیں گے، اعداد و شمار پر نظر ڈالی تو حقیقت کچھ اور تھی، بجٹ دستاویزات کے مطابق سندھ حکومت کو ہر ماہ 63ارب روپے ملنے ہیں لیکن سندھ حکومت کو جولائی میں صرف 34ارب روپے ملے۔ سندھ کے بجٹ میں تقریباً 28 ارب روپے کا شاٹ فال ہے، لوگوں کو کیسے تنخواہیں، پنشنز دیں گے؟ ترقیاتی کام کیسے ہوں گے؟۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔