پاکستان کے سیاسی نقشے میں مقبوضہ کشمیر شامل

سیاسی نقشے کا اجرا کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے کی جانب پہلا قدم ہے، عمران خان


ویب ڈیسک August 04, 2020
ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کا سیاسی نقشہ جاری کیا گیا ہے۔(فوٹو، حکومت پاکستان)

لاہور: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ملک کا سیاسی نقشہ جاری کردیا جس میں مقبوضہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ ظاہر کیا گیا ہے۔

سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پہلی مرتبہ ملک کا سیاسی نقشہ جاری کیا جارہا ہے جو پاکستانی و کشمیری عوام اور کشمیری قیادت کی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے سیاسی نقشے کا اجرا کشمیر کو پاکستان بنانے کی جانب پہلا قدم ہے۔ ہم اقوام متحدہ کو یہ باور کروا کر رہیں گے کہ آپ نے اس تنازعے کے تسلیم کیا تو اور ہم اس کے حل کی جد و جہد کرتے رہیں گے۔

وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ آج کے بعد پورے ملک کے تعلیمی اداروں کے نصاب سمیت ہر جگہ نئے جاری کردہ نقشے کا استعمال کیا جائے گا۔



ان کا کہنا تھا کہ آج تاریخی دن ہے۔ اس نقشے کے اجرا سے بھارت کے کشمیر میں 5 اگست کو کیے گئے اقدام کی نقی ہوتی ہے۔ اس نقشے کو پاکستانی کی سیاسی جماعتوں اور کشمیری قیادت کی تائید حاصل ہے اور وفاقی کابینہ بھی اس کی منظوری دے چکی ہے۔

قبل ازیں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کے سیاسی نقشہ کے اجراء کی منظوری دی گئی۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک کا سیاسی نقشہ جاری کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کے بورڈ کی تشکیل نو اور ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بنک پاکستان کی منظوری دی گئی۔

کابینہ کو نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کارکردگی، میڈیا ہاؤسز کے واجبات کی ادائیگیوں اور گیس کی تقسیم کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں