پرویز مشرف غداری کیس وفاق نے 5 نکاتی چارج شیٹ عدالت میں جمع کرادی

حکومت نے درخواست میں آئین توڑنے اور 3 نومبر کی ایمرجنسی کیخلاف غداری کا مقدمہ چلانے کی استدعا کی ہے


ویب ڈیسک December 12, 2013
پرویز مشرف نے بطور آرمی چیف 3 نومبر کی ایمرجنسی کا غیر آئینی حکم دیا، چارج شیٹ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کے لئے خصوصی عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے ان کے خلاف 5 نکاتی چارج شیٹ جمع کرادی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عدالت میں سیکریٹری داخلہ شاہد خان کی جانب سے 3 صفحات پر مشتمل 5 نکاتی چارج شیٹ بھی جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف نے بطور آرمی چیف 3 نومبر کی ایمرجنسی کا غیر آئینی حکم دیا، ایمرجنسی کے ذریعے آرٹیکل 175 اے اور 186 میں ترمیم کی گئی اور اس کے ذریعے صدر کو آئینی ترمیم کا اختیار دیا گیا۔ چارج شیٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین میں شامل کیا گیا پی سی او کا حلف ججز کی برطرفی کا سبب بنا لہٰذا پرویز مشرف کو سمن جاری کیا جائے اور انہیں آئین توڑنے کی سزا دی جائے۔

اس سے قبل حکومت کی جانب سے سابق آرمی چیف پرویز مشرف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کی 8 صفحات پر مشتمل درخواست سیکرٹری داخلہ نے خصوصی عدالت میں دائر کی جس میں پرویز مشرف کے خلاف آئین توڑنے اور 3 نومبر کی ایمرجنسی لگانے کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کی استدعا کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے سابق صدر پرویز مشرف پر آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کے لئے 3 رکنی خصوصی عدالت قائم کی تھی جس کے سربراہ جسٹس فیصل عرب جب کہ دیگر ججز میں جسٹس یاور علی اور جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں