امریکی وزیردفاع چک ہیگل نے پاکستان کو کوئی دھمکی نہیں دی ترجمان دفترخارجہ

پاکستان کو ڈرون حملوں کے حوالے سے شدید اختلافات اور تحفظات ہیں، اعزاز احمد چوہدری

ملا برادر کے بارے میں خبریں کہاں سے آتی ہیں، کچھ معلوم نہیں, ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو: فائل

ترجمان دفترخارجہ اعزار احمد چوہدری نے امریکی وزیر دفاع کی جانب سے پاکستان کو دھمکی دینے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چک ہیگل نے پاکستان کو کوئی دھمکی نہیں دی اور دونوں ممالک کے درمیاں تعلقات مثبت سمت میں بڑھ رہے ہیں۔


اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وارپریس بریفنگ دیتے ہوئے اعزار احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاک امریکاتعلقات مثبت سمت میں بڑھ رہے ہیں تاہم پاکستان کو ڈرون حملوں کے حوالے سے شدید اختلافات اور تحفظات ہیں، ڈرون حملوں کا معاملہ چک ہیگل کے سامنے بھی اٹھایا اور انہیں بتایا کہ حکومت پاکستان ڈرون حملوں کا معاملہ مذاکرات سے حل کرنا چاہتی ہے، امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے پاکستان کو کوئی دھمکی نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان رہنما ملا برادر پاکستان کی حراست میں ہیں تاہم ملابرادر اور اس کے خاندان کے کسی بھی فرد سے کسی کو بھی ملنے کی اجازت نہیں ہے، ملا برادر کے بارے میں خبریں کہاں سے آتی ہیں، کچھ معلوم نہیں۔

حقانی نیٹ ورک کے بارے میں پوچھے گئے سوال کےجواب میں ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ ورک کے حوالے سے وزارت داخلہ جواب دہ ہے اس سے متعلق ان سے ہی سوال کیا جائے۔ اعزاز احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پر امن تعلقات کا خواہاں ہے اور بھارت سے بات چیت کا عمل بھی جلد شروع ہوجائے گا، لائن آف کنٹرول پر ہونے والے معاہدے کا ہر صورت احترام ہونا چاہیئے۔ اعزاز احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچانے کے خواہش مند ہے۔
Load Next Story