ملک میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی

سپریم کورٹ میں زیر التواء مقدمات کی تعداد 45 ہزار سے زائد ہوچکی ہے ، جسٹس اینڈ لا کمیشن کی رپورٹ

رپورٹ میں صوبائی ہائیکورٹس اور ماتحت عدالتوں میں التوا کا شکار ہونے والے مقدمات کے اعداد و شمار بھی دیے گئے ہیں۔ فوٹو، فائل

ملک بھر کی عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

سپریم کورٹ اور لاء اینڈ جسٹس کمیشن نے زیر التوا ء مقدمات کے اعدادوشمار جاری کردیے ہیں جس کے مطابق سپریم کورٹ میں زیر التواء مقدمات کی تعداد 45 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جب کہ ملک میں مجموعی طور پر زیر التوا مقدمات 20 لاکھ سے تجاوز کرچکے ہیں۔


لا کمیشن نے صوبوں کی ہائی کورٹ اور ماتحت عدلیہ کے مقدمات کے بارے میں بھی اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔ اس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں 15 ہزار 847، لاہور ہائیکورٹ میں ایک لاکھ 88 ہزار 411،سندھ ہائی کورٹ میں 84 ہزار 341 مقدمات، پشاور ہائیکورٹ میں 38 ہزار 464اور بلوچستان ہائیکورٹ میں 5 ہزار 313 مقدمات زیر التوا ہیں۔

رپورٹ میں ماتحت عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کے اعداد وشمار بھی دیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب کی ماتحت عدلیہ میں 12 لاکھ 87 ہزار 121 مقدمات، سندھ میں ایک لاکھ 5 ہزار 458 ،کے پی کے میں دو لاکھ دس ہزار 25 مقدمات، بلوچستان ماتحت عدلیہ میں 17 ہزار اور اسلام آباد کی ماتحت عدلیہ میں 43 ہزار 924 مقدمات زیر التوا ہیں۔
Load Next Story