کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان کم ہوگیا

 ہفتہ 8 اگست 2020
 بارش کا سسٹم شہر سے منتقل یا ختم ہونے کے بعد سمندری ہوائیں بحال ہوں گی، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

بارش کا سسٹم شہر سے منتقل یا ختم ہونے کے بعد سمندری ہوائیں بحال ہوں گی، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

محکمہ موسمیا ت نے کہا ہے کہ بارش کا سبب بننے والا چوتھا سسٹم اتوار کی دوپہر کمزور ہونا شروع ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں 3 روز سے جاری بارشوں نے جہاں شہر کا موسم خوشگوار ہوا ہے وہیں سڑکیں اور شاہرائیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں، تاہم اب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مون سون کی بارش کا سبب بننے والا چوتھا سسٹم اتوار کی دوپہر کمزور ہونا شروع ہوگا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کراچی عبدالقیوم بھٹو کے مطابق حالیہ سسٹم بلوچستان تک پھیل چکا ہے اور مختلف اضلاع میں بارشوں کا سبب بن رہا ہے، اتوار کو شہر میں معتدل بارشوں کا امکان ہے اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان کم ہے، جب کہ بارش کا سسٹم شہر سے منتقل یا ختم ہونے کے بعد سمندری ہوائیں بحال ہوں گی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہر میں تین روز کی بارشوں کے ملی میٹر میں اعدادوشمار جاری کردیے ہیں، جس کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش پی ایف بیس فیصل پر 172 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جب کہ سرجانی ٹاون 149.6، گلشن حدید میں 148.5، پی اے ایف بیس مسرور 140.5، اولڈ ائرپورٹ 130.7، صدر 120، یونیورسٹی روڈ 104.7، لانڈھی95.1، ناظم آباد 90.9، کیماڑی 83.8، نارتھ کراچی 81.9، سعدی ٹاون 61.4 اور جناح ٹرمینل میں 54.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔