صبا قمر اور بلال سعید کی مسجد میں گانے کی ویڈیو وائرل سوشل میڈیا پھٹ پڑا

صوبائی وزیر اوقاف نے واقعہ کا نوٹس لے لیا، فن کاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر

بلال سعید اور صبا قمر نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو سے متعلق وضاحت اور معذرت بھی جاری کی ہے۔ فوٹو، ٹوئٹر

تاریخی مسجد وزیرخان میں گانے کی ریکارڈنگ کی ویڈیو وائرل ہونے پر جہاں سماجی اورمذہبی حلقوں کی طرف سے اس اقدام کی شدیدمذمت کی جارہی ہے وہیں صوبائی وزیراوقاف نے مسجد وزیرخان گانے کی عکس بندی کانوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری اوقاف کو متعلقہ اہل کاروں کومعطل کرنے کا حکم دیا ہے۔

سوشل میڈیا میں اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کے گانے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔ گانے کی عکس بندی تاریخی مسجد وزیرخان میں کی گئی ہے جس میں مسجد کے تقدس کوپامال کیا گیا ہے۔

طلاعات کے مطابق محکمہ اوقاف پنجاب نے نجی پروڈکشن ہاؤس کو مشروط طورپر مسجد میں ریکارڈنگ کی اجازت دی تھی۔ ان شرائط میں یہ واضع کیا گیا ہے کہ مسجد میں کوئی بھی ایساکام نہیں کیا جائے گا جس سے مسجد کا تقدس پامال ہو۔ محکمہ اوقاف کی طرف سے بادشاہی مسجد، مسجد وزیرخان سمیت دیگرمساجد میں شادی بیاہ کی کمرشل فوٹو گرافی پر بھی پابندی عائد ہے۔ اوقاف ذرائع کے مطابق نجی پروڈکشن ہاؤس نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وہاں گانے کی ریکارڈنگ کی ہے۔



مسجد میں گانے کی عکس بندی کی ویڈیوسوشل میڈیا پروائرل ہونے کے بعد مذہبی حلقوں کی طرف سے اس اقدام کی سخت مذمت کی جارہی ہے۔

متحدہ علما بورڈ پنجاب کے چیئرمین حافظ طاہرمحمود اشرفی نے مطالبہ کیا ہے کہ مساجد میں کمرشل ویڈیو اورفوٹوگرافی پرپابندی عائد کی جائے۔علامہ زبیراحمد ظہیر نے کہا ہے اللہ کے گھر کی بیحرمتی اوراس گھرکے تقدس کا خیال نہ رکھنے والوں کیخلاف فوری کارروائی ہونی چاہیے


سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے محکمہ اوقاف نے مسجد جیسے مقدس ادارے میں گانے کی ریکارڈنگ کی اجازت کس طرح دے دی گئی ؟صارفین نے حکومت سے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری طرف صوبائی وزیراوقاف پیرسیدسعیدالحسن شاہ نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹرارشاد احمد کو متعلقہ اہل کاروں کو فوری معطل کرنے کا حکم دیا ہے، اورتین دن میں انکوائری رپورٹ طلب کی ہے۔ پیرسید سعید الحسن شاہ کا کہنا ہے ایسے غیر ذمہ درانہ واقعات کو ہر گزبرداشت نہیں کیا جائے گا، مساجد اور مقدس مذہبی مقامات کا تقدس ہر قیمت برقرار رکھا جائے گا۔

فن کاروں کی وضاحت

دوسری جانب بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے وضاحت کی ہے تاریخی مسجد میں صرف نکاح کی تقریب کے مناظر فلمائے گئے اور ان مناظر کے پس منظر میں موسیقی شامل نہیں۔ دونوں فن کاروں کا کہنا ہے کہ اس کے باوجود وہ لوگوں کا دل دکھنے پر معذرت خواہ ہیں۔

مقدمے کی درخواست دائر

اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف حسن نامی شہری کی جانب سے تھانہ اقبال ٹاون میں مقدمہ درج کروانے کے لیے درخواست جمع کرائی گئی ہے۔ درخواست گزار نے کہا ہے کہ مسجد وزیر خان میں ویڈیو سانگ عکس بند کرایا اور رقص کیا گیا اور مسجد کا تقدس پامال کیا۔مسجد انتظامیہ کی ناک تلے ویڈیو سانگ کی شوٹنگ ہوئی۔ا ن افراد کیخلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔
Load Next Story