جب بارش ہوتی ہے تو پانی سڑک پر گرتا ہے سعید غنی

دنیا میں ایسا کوئی طریقہ ایجاد نہیں ہوسکا کہ بارش ہوتے ہوئے سڑک کو خشک رکھا جاسکے، رہنما پیپلز پارٹی

دنیا میں ایسا کوئی طریقہ ایجاد نہیں ہوسکا کہ بارش ہوتے ہوئے سڑک کو خشک رکھا جاسکے، رہنما پیپلز پارٹی (فوٹو : فائل)

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایسا کوئی طریقہ دنیا میں ایجاد نہیں ہوسکا کہ بارش ہوتے ہوئے سڑک کو خشک رکھا جاسکے اگر ہے تو ہم بھی کرلیں گے، دنیا بھر میں جب بھی بارش ہوتی ہے تو پانی سڑک پر گرتا ہے اور اس کے بعد سڑک صاف کی جاتی ہے اور یہاں بھی ایسا ہی ہورہا ہے۔

شہر میں موسلادھار بارش کے بعد سعید غنی نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور اہم سڑکوں سے نکاسی آب کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ ایسا کوئی طریقہ دنیا میں ایجاد نہیں ہوسکا کہ بارش ہوتے ہوئے سڑک کو خشک رکھا جاسکے اگر ایسا ہے تو ہم بھی کرلیں گے، دنیا بھر میں جب بھی بارش ہوتی ہے تو پانی سڑک پر گرتا ہے اور اس کے بعد سڑک صاف کی جاتی ہے اور یہاں بھی یہی ہو رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ شہریوں کو پریشانی ہو رہی ہے اس کا ہمیں احساس ہے لیکن جو عملہ کام کر رہا ہے اس کی حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے، مجھے ضلع شرقی کی ذمہ داری سونپی گئی ہیں، پی ای سی ایچ ایس، کراچی ایڈمن اور یونیورسٹی روڈ پر کچھ پانی ضرور ہے باقی ضلع میں ایسی کوئی جگہ نہیں ہے جہاں گاڑیاں چل نہ سکیں یا سڑک بند ہوگئی ہو یا گاڑیاں بند ہوگئی ہوں۔

یہ پڑھیں : کراچی میں نالوں کی صفائی 80 فیصد مکمل ہوگئی، سندھ حکومت


 

انہوں نے کہا کہ ضلع ملیرمیں دو چار مقامات اور ڈسٹرکٹ سینڑل میں کچھ آبادیوں میں پانی جمع ہے، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں گرین لائن والی جگہ پر پانی اتر گیا ہے اور گاڑیاں چل رہی ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اگراداروں کی کارکردگی دیکھنی ہو تو بارش رک جائے تو دیکھیں کہ کچھ گھنٹوں کے بعد کتنا فرق پڑا ہے۔ ایک سوال پر سعید غنی کا کہنا تھا کہ سعدی ٹاؤن اس قدرتی پانی کے راستے میں بنا ہوا ہے جہاں سے بارش کے پانی کو گزرنا ہوتا ہے، وہ آبادی غلط جگہ بنائی گئی ہے اب اس آبادی کو بچانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پچھلی بار سعدی ٹاؤن کا وہ حال نہیں ہوا جو چند سال پہلے ہوا تھا ایک آبادی کو بچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں تو پانی کہیں نہ کہیں جائے گا اسی طرح گلستان ظفر ہے جہاں گراؤنڈ میں ریلوے نے سوسائٹی بنادی وہاں مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
Load Next Story