امریکی سیاح نے امام کعبہ کے ہاتھوں اسلام قبول کرلیا

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 9 اگست 2020
شیخ السدیس اور دیگر کا مشکور ہوں جنہوں نے مُجھے اسلامی تعلیمات کا درس دیا اور میرا دل ایمان کیلیے کھول دیا، اسٹیو۔ فوٹو: سوشل میڈیا

شیخ السدیس اور دیگر کا مشکور ہوں جنہوں نے مُجھے اسلامی تعلیمات کا درس دیا اور میرا دل ایمان کیلیے کھول دیا، اسٹیو۔ فوٹو: سوشل میڈیا

اسلام آباد: میامی سے تعلق رکھنے والے امریکی سیاح اسٹیو نے مکہ مکرمہ میں امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس کے ہاتھوں اسلام قبول کر لیا۔

امریکی سیاح اسٹیو نے مکہ مکرمہ میں شیخ السدیس سے ملاقات کی اور کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا اور مسلمان ہو جانے پر بے حد خوشی کا اظہار کیا۔

بین الاقوامی امریکی سیاح نے اللہ کا شُکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ شیخ السدیس اور دیگر کا مشکور ہوں جنہوں نے مُجھے اسلامی تعلیمات کا درس دیا اور میرا دل ایمان کیلیے کھول دیا۔

شیخ السدیس نے کہا کہ اسٹیو کے ذہن پر دائمی اثرات در اصل  اسلام کی پاکیزگی اور یہ اللہ تعالی کی وحدانیت کی عمدہ تعلیمات تھی۔ اسٹیو، جو میامی میں سیاحت کے شعبے میں کام کرتا ہے قریبی دوستوں کے ہمراہ سعودی شہر ابھا کے سیاحتی دورے پر تھا جہاں شیخ السدیس بھی اسی مقام پر موجود تھے۔ امام کعبہ کے پوچھنے پر بتایا گیا کہ ان کے پڑوس میں ایک امریکی سیاح رہ رہا ہے جس سے انھوں نے ملاقات کی اور آب زمزم ،کھجوریں اور سعودی کافی بطور تحفہ دیے۔

امام کعبہ کے مترجم  المطافی نے کہا کہ اسٹیو اسلامی تعلیمات کے بارے میں کتابیں پڑھتے رہتے ہیں۔اسٹیو نے کہا کہ انصاف پسندی ، رواداری ، ہمدردی ، اور رحم کی اسلامی تعلیمات نے انہیں بہت متاثر کیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔