رواں سال آٹا 5روپے اور دالوں کی قیمت میں35روپے فی کلو تک اضافہ ہوا

گڑ کی قیمت5روپے اضافے سے70روپے فی کلو ہوگئی، چاول کی مختلف اقسام کے بھاؤ میں بھی تیزی رہی


Business Reporter December 13, 2013
چینی اور مرچوں کی قیمتوں میں کمی آئی،صابن،جام ،جیلی، سرف اور دیگر اشیاء کی قیمتیں مسلسل بڑھتی رہیں ۔ فوٹو : فائل

رواں سال کے دوران آٹے کی قیمت میں5روپے فی کلو جبکہ مختلف قسم کی دالوں کی قیمت میں 15سے 35روپے فی کلو تک اضافہ ہوگیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق دال مسورقسم اعلیٰ کی جنوری میںتھوک قیمت 92روپے اورخوردہ قیمت100 روپے فی کلو تھی ،نومبر کے اختتام پربالترتیب جو 15 روپے اضافے سے 104 روپے اور115 روپے ہوگئی ،اسی طرح دال مسور ثابت نمبرایک کی خوردہ قیمت اس عرصے میں 2 2 روپے سے بڑھ کر99 روپے فی کلو ، دال مونگ نمبرایک کی خوردہ قیمت35 روپے بڑھ کر 150روپے فی کلو ، دال مونگ چھلکا 28 روپے کی تیزی سے 138روپے، دال مونگ ثابت30 روپے بڑھ کر132روپے فی کلو،دال ماش دھلی نمبرایک کی خوردہ قیمت 15روپے اضافے سے 120روپے ، دال ارہراعلیٰ 6روپے اضافے سے 154 روپے فی کلو ہوگئی۔

ا سی طرح 10کلو آٹے کی ٹھیلی پیک جنوری میں420روپے تھا جو رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں50 روپے بڑھ کر470 روپے پر پہنچ گیا،آٹا فائن مل والا فی کلو4 روپے کے اضافے سے 46روپے فی کلو ہوگیا،آٹا ڈھائی نمبر بھی 5 روپے اضافے سے45روپے فی کلو اور آٹا چکی رواں ماہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں 8 روپے بڑھ کر52روپے فی کلو پر پہنچ گیا، دال ماش ثابت کی قیمت 100روپے میں کوئی کمی وبیشی نہ ہوسکی، دال چنا نمبرایک کے بھاؤ33روپے کم ہوکر 105روپے سے گھٹ کر 72روپے فی کلو پر آگئے، اسی طرح کابلی چنا سفید نمبرایک کے دام 22 روپے سے کم ہوکر 116 روپے اور کالا چنا درجہ اول 39 روپے کی کمی سے66روپے فی کلو ہوگیا۔



چینی کی قیمتوں میں روا ں سال کے اختتامی مہینوں میںکمی آئی ، جنوری تا ماہ دسمبر کے پہلے ہفتے تک چینی کی قیمت میں 3 روپے کی کمی سے 52 روپے فی کلو ہوگئی،البتہ گڑ کی قیمت 5 روپے اضافے سے 70 روپے فی کلو ہوگئی، جنوری سے نومبر تک سرخ مرچ ثابت ،سرخ مرچ پسی ہوئی کی قیمتوں میں 20روپے سے30 روپے فی کلو تک کمی ہوئی مگر دھنیا ثابت اور دھنیا پسا ہواکے بھاؤ40 اور46 روپے کی تیزی سے بالترتیب200 روپے اور 180روپے فی کلو ہوگئے، ہول سیل مارکیٹ میں کھلی درآمدی چائے کی قیمت میں50 فیصد تک کمی آچکی ہے، گھی کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے اور 5 کلو گھی کے ڈبے کی قیمت 70روپے کی کمی سے925روپے ہوگئی جبکہ 5 کلو کھانے کے تیل کے بھاؤ صرف 5 روپے کم ہوکر 1040 روپے رہ گئے، چاول کی قیمتوں میں بھی رواں سال کے دوران اضافہ ہوا اور چاول باسمتی سپر25 روپے بڑھ کر 175 روپے فی کلوہوگیا اسی طرح دیگر چاول کی اقسام کے بھاؤ میں بھی تیزی رہی، رواں سال مختلف کمپنیوں کے صابن،جام ،جیلی، سرف اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں