جامعہ کراچی ماسٹرز اور آنرز کے داخلہ ٹیسٹ کا شیڈول جاری

داخلہ ٹیسٹ نیشنل ٹیسٹنگ سروسزکے تحت لیے جائیں گے،ماسٹر پروگرام کا پہلاٹیسٹ 15دسمبرکواین ای ڈی باقی ٹیسٹ 22دسمبرکوہونگے


Staff Reporter December 13, 2013
عمومی طور پر این ٹی ایس کے تحت مذکورہ تعلیمی اداروں میں ہی داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد ہوتا ہے۔ فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کی انتظامیہ نئے تعلیمی سال کے داخلوں کے سلسلے میں نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ساتھ داخلہ ٹیسٹ کاشیڈول ترتیب دے دیاہے ماسٹرز اور آنرز کے تمام داخلہ ٹیسٹ این ٹی ایس کے تحت لیے جائیں گے اور اس سلسلے بی بی اے اور کامرس سے بیچلر کرنے والے طلبہ وطالبات کا ماسٹرز پروگرام کیلیے داخلہ ٹیسٹ اتوار 15 دسمبر کو این ای ڈی یونیورسٹی میں لیا جائے گا۔

جبکہ آنرزاور ماسٹرز پروگرام میں داخلوں کے لیے باقی تمام داخلہ ٹیسٹ 22 دسمبر کو لیے جائینگے، ان ٹیسٹوں میں ہزاروں طلبا شریک ہونگے، ان داخلہ ٹیسٹ میں پری انجینئرنگ ، پری میڈیکل،آرٹس اور کامرس سے انٹر اور بیچلرکرنے والے طلبہ وطالبات ٹیسٹ میں شریک ہوسکیں گے جن کاداخلہ ٹیسٹ ان کی آخری ڈگری کی بنیاد پر لیا جائے گا اوراس داخلہ ٹیسٹ کوپاس کرنے کی بنیاد پر ان کی داخلہ درخواست میں لکھے گئے شعبوں میں میرٹ کے مطابق داخلے دیے جائیں گے، واضح رہے کہ جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے فارمیسی کے علاوہ دیگرتمام شعبوں کے ماسٹرز اور آنرز کے داخلہ ٹیسٹ کے پاسنگ مارکس50 نمبر مقررکیے ہیں جامعہ کراچی میں داخلوں کیلیے ٹیسٹ مراکز کا اعلان این ٹی ایس کریگی، امکان ہے کہ یہ داخلہ ٹیسٹ این ای ڈی یونیورسٹی، وفاقی اردو یونیورسٹی سائنس کیمپس، داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی اور ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی میں لیے جائیں گے عمومی طور پر این ٹی ایس کے تحت مذکورہ تعلیمی اداروں میں ہی داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد ہوتا ہے۔



علاوہ ازیں ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات نعمان احسن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات برائے سال 2014 کے امتحانی فارم جمع کروانے کا شیڈول جاری کردیا، امتحانی فارم13دسمبر سے 15 جنوری 2014 تک بغیر لیٹ فیس کے جمع ہوں گے ،اعلامیے کے مطابق ایسے امیدوار جو گزشتہ سال نویں جماعت کے سالانہ امتحانات سائنس و جنرل گروپ ریگولر و پرائیویٹ میں شریک ہوئے تھے اوردرجہ دہم سالانہ امتحانات برائے 2014 میں شرکت کے خواہش مند ہیں ان کے امتحانی فارم بغیر لیٹ فیس کے 13دسمبرسے 28 فروری تک جمع کرائے جاسکیں گے، دریں اثناء اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ سال اول کامرس پرائیویٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2013 کے اسکروٹنی فارم جمع کرانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے، انٹرمیڈیٹ سال اول کامرس پرائیویٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2013ء میں شرکت کرنے والے طلبہ کی مارکس شیٹس ان کے رہائشی پتوں پر روانہ کردی گئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں