عمر اکمل کیس پی سی بی کھیلوں کی عالمی عدالت میں اپیل دائر کرے گا

پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر عائد پابندی میں کمی کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کرے گا


Sports Reporter August 10, 2020
عمر اکمل پر عائد پابندی میں کمی کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی جائے گی،پاکستان کرکٹ بورڈ ۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر عائد پابندی میں کمی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ وہ پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر عائد پابندی میں کمی کے فیصلے کے خلاف سوئزرلینڈ کے شہر لوزین میں قائم کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کرے گا۔

یہ فیصلہ انڈیپینڈنٹ ایڈجوڈیکٹرکی جانب سے جاری کردہ تفصیلی فیصلے کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے، جس کے مطابق ہمدردانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے عمر اکمل پر عائد پابندی کو 36 ماہ سے کم کرکے 18 ماہ تک محدود کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ اسپاٹ فکسنگ کیس؛ عمر اکمل کی سزا 3سال سے کم کرکے ڈیڑھ سال کردی گئی

پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 7.5.4 کے تحت انڈیپینڈنٹ ایڈجوڈیکٹر کے فیصلے پر اپیل صرف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں ہی کی جاسکتی ہے۔

"پی سی بی انسداد بدعنوانی سے متعلق معاملات کو بہت سنجیدگی سے لیتا ہے اور وہ اس حوالے سے اپنی زیروٹولیرنس پالیسی کو برقرار رکھے ہوئےہیں۔ پی سی بی کا ماننا ہے کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر انسداد بدعنوانی سے متعلق متعدد لیکچرز میں شرکت کرنے کے بعد عمر اکمل جیسا سینئر کرکٹر متعلقہ حکام کو رابطوں کے بارے میں آگاہ نہ کرنےکے نتائج سے بخوبی واقف تھا۔"

"پی سی بی کو عمر اکمل جیسے قدآور کرکٹر پر پابندی عائد کرتے ہوئے کوئی فخر نہیں ہوتا، لیکن ایک معتبر اور قابل احترام ادارے کی حیثیت سے ہمیں اپنے تمام اسٹیک ہولڈرزکو ایک واضح پیغام پہنچانے کی ضرورت ہے کہ ایسے کسی شخص سے ہمدردری کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا جوقواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ اسپاٹ فکسنگ کیس؛ عمر اکمل کو سزا میں ڈیرھ سال سزا کمی بھی ناکافی لگنے لگی

"پی سی بی، کھیلوں میں بدعنوانی کے خلاف اپنے عزم کے تحت کھیلوں میں بدعنوانی کی روک تھام کے لیے قانون سازی سے متعلق مجوزہ مسودہ متعلقہ سرکاری احکام کو پیش کرچکا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی نے پاکستان میں موجودہ قانون سازی کا جائزہ بھی لیا ہے۔

"اس مسودے میں پی سی بی نے بدعنوانی، غیرقانونی جوڑ توڑ، شرط، میچ اور اسپاٹ فکسنگ میں ملوث افراد کے لیے سخت سزائیں تجویز کرنے کے ساتھ ساتھ اس طرح کے جرائم میں مدد کرنے والوں پر جرمانے عائد کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں