سندھ میں 5 سو سرکاری بسیں چلائی جائیں گیوزیر ٹرانسپورٹ

کراچی میں شہید بے نظیر بھٹو انٹرا سٹی بس سروس بھی شروع کی جائے گی،ممتاز جاکھرانی


Numainda Express December 13, 2013
400 بسیں ضلعی اور تحصیل سطحوں پر چلائی جائیں گی۔ یہ پروجیکٹ سندھ کے عوام کیلیے ایک بڑا تحفہ ثابت ہو گا۔ فوٹو : فائل

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ ممتاز جاکھرانی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولتیں فراہم کرنے کیلیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 12 ارب روپے کی لاگت سے مرحلہ وار 5سو بسیں چلائے گی۔

سرکٹ ہاؤس حیدرآباد میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ طلحیٰ فاروقی،سید شیراز شاہ سمیت دیگر کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر ممتاز جاکھرانی نے کہا کہ حکومت پہلے مرحلے میں یلو لائینز بس سروس کے نام سے کراچی سے حیدرآباد سمیت دیگر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز تک 120 بسیں چلائی جائیں گی جس کا آغاز آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں مزید 400 بسیں ضلعی اور تحصیل سطحوں پر چلائی جائیں گی۔ یہ پروجیکٹ سندھ کے عوام کیلیے ایک بڑا تحفہ ثابت ہو گا۔



سندھ حکومت آئندہ برس جاپان کی نجی کمپنی اور ایشین ڈیولپمنٹ بنک کے مشترکہ تعاون سے کراچی شہر میں شہید بے نظیر بھٹو انٹرا سٹی بس سروس بھی شروع کر رہی ہے جو کراچی شہر کے 6 مختلف کاریڈورز پر مشتمل ہے جس میں سے ایک کاریڈور پر یلو لائن بس سروس منصوبہ شروع کیا جائے گا جس کے لیے نجی کمپنی نے ماسٹر پلان تیارکرکے 26 کلو میٹرکا روٹ طے کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکریٹریز کو مجسٹریٹ کے پاور دلوانے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ کو سمری بھیجی ہے جس کے بعد زائد کرایہ وصول کرنے اور معیاری گاڑیاں نہ رکھنے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف موقع پر کارروائی کی جاسکے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں