عمران خان کو پہلے آنے کا شوق تھا اب جانے کا خوف ہے مریم نواز

جعلی کیس بنا کر پہلے بھی کچھ حاصل نہیں ہوا اور نہ ہی اب کچھ حاصل ہوگا، رہنما مسلم لیگ (ن)

جعلی کیس بنا کر پہلے بھی کچھ حاصل نہیں ہوا اور نہ ہی اب کچھ حاصل ہوگا، رہنما مسلم لیگ (ن)۔ فوٹو:فائل

رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نوازکا کہنا ہے کہ نیب کا کرداربہت گھناؤنا ہے اورانتقامی کارروائیوں کے بعد نیب اب خود ایک مطلوب ادارہ بن گیا ہے۔

(ن) لیگ کے رہنماؤں کے ہمراہ مریم نوازشریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے رنگ دینے کی کوشش کی کہ شاید میں نے کسی زمین پرقبضہ کیا ہے، صرف مجھے بلانا مقصود تھا اوربلانے کے پیچھے مجھے نقصان پہنچانا مقصود تھا، اگربلٹ پروف گاڑی نہ ہوتی تو پتھرمیرے سرپرلگتے اورمیں اسپتال میں ہوتی، نیب کے کردارکے بارے میں مجھے بہت پہلے سے معلوم تھا۔

مریم نوازنے کہا کہ انتقامی کارروائیوں کے بعد نیب اب خود ایک مطلوب ادارہ ہے، نیب کا کرداربہت گھناؤنا ہے، نیب پولیٹیکل انجینئرنگ اورجوڑتوڑکا ادارہ بن چکا ہے۔ نیب کے سامنے پیش نہ ہوناشاید قانون کی زیادہ پاسداری ہوگی۔

مریم نوازنے کہا کہ حکومت کوہرمحاذ پرناکامی کا سامنا ہے، عمران خان کو اقتدار میں آنے کا بہت شوق تھا، عمران خان کو اب جانے کا خوف ہے، عمران خان جتنے ظلم کرچکے ہیں، انہیں اب اپنے انجام سے خوف آتا ہے۔


مریم نوازنے کہا کہ حکومت کو نوازشریف پررحم نہیں آیا تھا انہیں اپنے اوپر رحم آیا۔ آپ کے اپنے وزیروں نے کہا نوازشریف کی صحت ٹھیک نہیں، آپ نے نوازشریف کی صحت پرسیاست کی، نوازشریف ان کی تحویل میں بیمارہوئے، حکومت نے خود کو بچانےکے لیے نوازشریف کو باہر بھیجا۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ نوازشریف کا بیانیہ نہیں یہ ہمارے آئین کا بیانیہ ہے، پارٹی کے ساتے رہنما نوازشریف کی قیادت اورووٹ کوعزت دو پرمتفق ہیں۔ اگر ووٹ کو عزت مل جاتی تو پاکستان کی دنیا میں جگ ہنسائی نہ ہوتی۔ نوازشریف کی کوئی بھی تصویرسامنے آتی ہے توان کو تکلیف ہوتی ہے، ہماری نیب کی پیشیاں بہت خاموش ہوا کرتی تھیں، میرے لئے بولنا آسان ہے اور خاموش رہنا مشکل ہے، کبھی ہم نے بول کرانہیں ایکسپوزکیا، کبھی خاموش رہ کرانہیں زیادہ ایکسپوز کیا۔

اس سے قبل رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے نیب پیشی سے قبل اپنی والدہ کے قبرپرحاضری دی جہاں انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر کارکنوں سے غیر رسمی گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ میں ڈرنے والی نہیں ہوں، حکومت جتنے مرضی اس طرح کے ہتھکنڈے آزمالے، میں اور میرے والد اپنے موقف پر قائم ہیں، میرے اوپر جعلی اراضی کیس بنایا گیا جب کہ ایک سال پہلے بھی 8 اگست کو نیب نے کورٹ لکھپت جیل سے گرفتار کیا تھا، جعلی کیس بنا کر پہلے بھی کچھ حاصل نہیں ہوا اور نہ ہی اب کچھ حاصل ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب ڈرتے ہو تو بلاتے کیوں ہو، نیب نیازی گٹھ جوڑ کا عوام سے خوف آج پوری طرح عیاں ہے، پورے شہر میں رکاوٹوں سے حکمرانوں پر طاری خوف دیکھاجاسکتا ہے تاہم فسطائی سوچ اور مسترد حکمران عوام اور کارکنان کا راستہ روکنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔
Load Next Story