کراچی موٹر سائیکل بم کا دھماکا رینجرز اہلکار شہید7زخمی فائرنگ اور تشدد6افراد ہلاک

لانڈھی ٹمبرمارکیٹ پر رینجرزکی گاڑی کے قریب موٹرسائیکل دھماکے سے تباہ، 2اہلکاروں کی حالت نازک،متعدد دکانوں کوبھی نقصان


Staff Reporter December 13, 2013
لانڈھی ٹمبر مارکیٹ میں دھماکے سے تباہ ہونے والی رینجرز کی گاڑی کا اہلکار معائنہ کررہا ہے۔ فوٹو : محمد عظیم / ایکسپریس

لانڈھی89میں رینجرزکے ٹرک کے قریب کھڑی موٹرسائیکل میں نصب بم دھماکے سے پھٹ گیاجس کے نتیجے میں ایک اہلکارشہیداور6اہلکاروں سمیت7زخمی ہوگئے۔

جن میں سے 2 اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے،دھماکااتنازور دارتھاکہ اس کی آوازدوردورتک سنی گئی،دھماکے نتیجے میں متعدددکانیں تباہ ہو گئیں جبکہ شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں2پولیس اہلکاروں سمیت6 افراد ہلاک ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی 89 موڑ ٹمبر مارکیٹ کے قریب رینجرز کے شہزورٹرک کے قریب کھڑی موٹرسائیکل زورداررھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں ٹرک میں سوار رینجرز کے 7 اہلکار اورایک راہگیرزخمی ہو گیا ،

دھماکے کی آوز سنتے ہی علاقہ مکینوں اور فلاحی اداروں کی ایمبولینسیں موقع پر پہنچ گئی اوراپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ایمبولینس میں ڈال کر جناح اور دیگر اسپتالوں میں پہنچایا گیا ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوع کامحاصرہ کر کے ممکنہ دوسرے دھماکے کے پیش نظر وہاں موجود شہریوں کو دور ہٹادیا اور بم ڈسپوزل یونٹ کے عملے کو طلب کر لیا،دھماکے کے نتیجے میں حوالدار40سالہ پنوں خان، ڈرائیور پاندھی خان اور لائس نائک مقبول سمیت6اہلکار اور ایک راہگیر زخمی ہو گئے ۔



زخمی ہونے والا شہزور ٹرک کا ڈرائیور پاندھی خان دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، واقعے کے وقت بھٹائی رینجرز کاٹرک لانڈھی 89کی ٹمبر مارکیٹ کے قریب پہنچاتو لکڑیوں کے درمیان میں موٹرسائیکل میں نصب بم کوریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مددسے اڑا دیا گیا،دھماکے کے وقت ٹرک میں12اہلکار موجود تھے، پولیس کے مطابق دھماکے میں4 کلودھماکاخیز مواد استعمال کیا گیا،دھماکے میں تباہ ہونیوالی موٹرسائیکل کے پرخچے اڑگئے تاہم اس کے پرزے اکھٹے کر لیے گئے،دھماکا اتنا شدید تھاکہ اس کی آوازلانڈھی، کورنگی اور ملیر کے علاقوں تک سنی گئی اورعلاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے ، بم موٹر سائیکل میں نصب تھا ،دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کا تعلق رینجرز کی71ونگ سے ہے جبکہ واقعے کے بعد رینجرزاہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکرتفتیش شروع کردی ، دھماکے کے بعد رینجرز نے علاقے سے5مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق دہشتگردی کی کارروائی میں تحریک طالبان پاکستان ملوث ہے۔جاں بحق رینجرزکے اہلکار کا نماز جنازہ رینجرز ہیڈ کوارٹر میں بعد نماز ظہر ادا کرکے میت آبائی گاؤں روانہ کردی گئی۔قصبہ کالونی کٹی پہاڑی مصطفیٰ مسجدکے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل 34 سالہ محمد اقبال عرف بالاہلاک ہو گیا،مقتول اورنگی ٹاؤن ایم پی آرکالونی بلال مسجدکے قریب کارہائشی اور2 بچوں کا باپ تھاجبکہ اس کا آبائی تعلق سوات سے تھا،مقتول سی آئی ڈی سول لائن میں تعینات تھااور اس نے اپنا تبادلہ کرائم برانچ کرا لیا تھا۔منگھوپیرناردرن بائی پاس مائی گاڑی پولیس چوکی کے قریب ڈمپرنے منگھو پیرتھانے کے ہیڈ کانسٹیبل40 سالہ حنیف خان کچل کر ہلاک کر دیا اورڈمپر میں سوار ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرارہوگئے،مقتول6بچوں کاباپ تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق قادر بخش گوٹھ کندھ کوٹ کشمورسے تھا۔پولیس اہلکارچھیننے گئے ٹرک کاتعاقب کررہاتھاجسے ملزمان نے کچل کرہلاک کر دیا۔ چاکیواڑہ نمبر2میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30سالہ نوجوان ہلاک ہو گیا، مقتول کی شناخت شاہجہاں عرف کمانڈو کے نام سے ہوئی ۔لیاری سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی، ڈاکس میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص ہلاک ہو گیا۔ اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹرساڑھے گیارہ چشتی نگر میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی شب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا25 سالہ محمد عامر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا ۔



مقتول اورنگی ٹاؤن شاہ ولی اﷲ نگر کا رہائشی تھا۔کورنگی چکراگوٹھ امام بارگاہ کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے25سالہ انیس، کیماڑی ڈاکخانہ کے قریب 18سالہ جنید ، سہراب گوٹھ خ میں 45 سالہ حاجی حسن،کریم آباد میں 30 سالہ اشرف علی ، بنارس پل پر 30سالہ ندیم رانازخمی ہوگیا۔کلری میں موٹر سائیکل سوار ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا،بم حملے میں لال بخش نامی شخص زخمی ہوگیا،لیاری کے علاقے آگرہ تاج کے قریب گینگ وار کے ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ محمد علی زخمی ہوگیا۔اورنگی ٹاؤن سیکٹر 4میں نامعلوم ملزمان بھتہ نہ دینے پرگیٹ جالی کی دکان پردستی بم پھینک کرفرار ہوگئے تاہم پن نہ نکلنے کی وجہ سے بم پھٹ نہیں سکا،بم ڈسپوزل عملے نے موقع پرپہنچ کردستی بم کو ناکارہ بنایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں