کاروباری افراد کی سہولیات کے لئے ہرممکنہ کوشش جاری رکھیں گے وزیراعظم

تعمیرات اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم


ویب ڈیسک August 12, 2020
تعمیرات اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کاروباری برادری کی سہولیات کے لئے ہر ممکنہ کوشش جاری رکھے گی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت تعمیرات کے شعبے میں حکومتی مراعاتی پیکیج کے نتیجے میں شروع ہونے والی سرگرمیوں اور مختلف ہاوٴسنگ منصوبوں کی تعمیر کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیر برائے صنعت محمد حماد اظہر، وزیرِ برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی، وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد، معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، چئیرمین نیا پاکستان ہاوٴسنگ اتھارٹی لیفٹنٹ جنرل (ر) انور علی حیدرسمیت متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری صاحبان اور کاروباری شخصیت عارف حبیب موجود تھے۔

وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت معاشی اعشاریوں میں بہتری آئی ہے، کورونا کی وجہ سے نہ صرف علاقائی بلکہ دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی، حکومت کی بہترحکمت عملی کی بدولت کورونا کے نقصانات کو ہر ممکنہ حد تک روکا گیا، کورونا میں کمی آنے کے بعد ملک میں معاشی سرگرمیاں زور پکڑ رہی ہیں۔

عارف حبیب کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے تعمیرات کے شعبے میں تاریخی مراعات اور سہولت کاری سے کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ حکومت کی ہدایات کے مطابق نجی بنکوں کی جانب سے تعمیرات کے شعبے کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ منظوریوں کے عمل میں آسانی پیدا ہو رہی ہیں۔

کاروباری برادری کی جانب سے بھرپور اعتماد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تعمیرات اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ان دونوں شعبوں سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے، حکومت کاروباری برادری کی سہولت کاری کے لئے ہر ممکنہ کوشش جاری رکھے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں