چترال میں ہوٹل کی بالکونی سے گر کر 5 افراد جاں بحق

جاں بحق ہونے والوں میں 4 مرد اور ایک خاتون شامل ہے اور تمام کا تعلق قصور لاہور سے ہے، پولیس


ویب ڈیسک August 13, 2020
جاں بحق اور زخمی سیاحوں کا تعلق قصور لاہور سے ہے، پولیس۔ فوٹو:ایکسپریس

لاہور: چترال ہوٹل کی بالکونی سے گرکر 5 افراد جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختون خوا کے ضلع چترال میں ایک معروف ہوٹل کی بالکونی گرنے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 10 افراد شدید زخمی ہوگئے، جاں بحق اور زخمی سیاحوں کا تعلق قصور لاہور سے ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد کا تعلق 3 خاندانوں سے ہے، جو قصور سے گھومنے آئے تھے اور ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے، تمام افراد ہوٹل کی تیسری منزل پر بالکونی میں کھڑے نظارہ کر رہے تھے کہ حادثہ پیش آیا، جاں بحق ہونے والوں میں 4 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔

ڈی جی ریسکیو کے مطابق زخمیوں میں 6 بچے بھی شامل ہیں، جب کہ 4 افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق زخمی سیاحوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال چترال میں داخل کر دیا گیا ہے، زخمیوں کے لواحقین کیلئے کھانے اور رہائش کے انتظام کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں، جب کہ ایل آر ایچ کی ایمرجنسی بدستور ہائی الرٹ رہے گی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ محمود خان کا چترال میں ہوٹل کی بالکونی سے سیاحوں کے گرنے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کے لئے دعائے صحت کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں