کراچی کو جان بوجھ کر برباد کیا گیا سعید غنی

پوری نیک نیتی کے ساتھ کراچی کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں، سعید غنی


Staff Reporter August 14, 2020
پوری نیک نیتی کے ساتھ کراچی کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں، سعید غنی . فوٹو : فائل

سندھ کے وزیرِ تعلیم و محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پوری نیک نیتی کے ساتھ کراچی کی ترقی کے لیے کام کررہی ہے لیکن کراچی کو جان بوجھ کر برباد کیا گیا۔

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے تحت جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہاکہ کراچی کی ترقی کے لیے نیک نیتی کے ساتھ کام کررہے ہیں، ہم یہ کہتے ہیں کراچی سے متعلق جو مطالبات حکومت سندھ سے کیے جاتے ہیں وفاق سے بھی کیے جائیں، سب مل کر کام کریں گے تبھی اس شہر کی ترقی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کیا کراچی خود بہ خود خراب ہوگیا دراصل کراچی کوجان بوجھ کر بردبار کیا گیا، ہزاروں لوگ کراچی میں قتل ہوگئے، ابھی بھی ہم کراچی کے لیے کچھ نہیں کررہے ہیں، جب تک ہم کراچی کو اپنا گھرسمجھ کر احساس نہیں کریں گے تو کراچی اور صوبہ ٹھیک نہیں ہوگا، ہمیں سب سے پہلے یہ دیکھنا ہوگا کہ کراچی کے لوگوں ترقی کیسے کریں، اپنے مفادات کی خاطر کراچی کی ترقی کو برباد نہ کریں، حکومت سندھ کی کراچی میں ترقی کےلیے ایک بھی بدنیتی نہیں ہے، جو مطالبہ حکومت سندھ سے کرتے ہیں وہ وفاق سے بھی کریں۔

سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں ضیاءالحق کے دورمیں تقسیم کی بنیاد رکھی گئی، کچھ میڈیا کے چینل وہ دکھاتے ہیں جوغلط ہے، ہماری مجبوریاں ہیں، مسائل ہیں، ہمیں مل کرٹھیک کرنا ہوگا، ہمیں سچ بولنا ہوگاسوچ کوتبدیل کرنا ہوگا، ہمیں کراچی کو گھرسمجھنا چاہیئے، گھرکاعکس اچھا دکھانا چاہئے، ورنہ کوئی نہیں آئے گا۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ کراچی زیادہ کماتا ہے جواس کاحق ہے، ہم سے زیادہ دینے کا مطالبہ کرنے والے وفاق سے بھی مطالبہ کریں، کراچی اگرسندھ کو90فیصدریونیو دیتا ہے تو وفاق کو بھی 60فیصد سے زائد دیتا ہے، وفاق ساٹھ فیصد لگائے ہم نوے فیصد دینے کو تیارہیں۔

انہوں نےکہا کہ 2006 اور 2009 میں بارشوں میں شاہراہ فیصل چاردن بند تھا ہم نے تین گھنٹے میں کھولا مطلب کچھ تو کیا ہے، ہمیں کراچی کا اچھا امیج دکھانا پڑیگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔