جشن آزادی پر فائرنگ سے کراچی میں دو درجن افراد زخمی ہوگئے

شہر کی سخت سیکیورٹی اور اسلحے کی کھلے عام نمائش پر پابندی کے باوجود جشن آزادی پر بھرپور فائرنگ ہوئی


Staff Reporter August 14, 2020
شہر کی سخت سیکیورٹی اور اسلحے کی کھلے عام نمائش پر پابندی کے باوجود جشن آزادی پر بھرپور فائرنگ ہوئی . فوٹو : فائل

شہر کی سخت سیکیورٹی اور اسلحے کی کھلے عام نمائش پر پابندی کے باوجود 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب شہر بھر میں کھلے عام فائرنگ کی گئی جس کے باعث خواتین سمیت 2 درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب 12 بجتے ہی پورا شہر ہوائی فائرنگ کے باعث گولیوں کی تڑتڑاہٹ اور آتش بازی سے گونج اٹھا ، شہر بھر میں اسلحے کی نمائش پر پابندی ہے جبکہ پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت ترین حفاظتی انتظامات بھی کیے گئے لیکن اس کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے باعث 2 درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے جنھیں مختلف اسپتالوں میں پہنچایا گیا۔

سہراب گوٹھ میں اعظم پلازا کے قریب 38 سالہ نازو الہ دین جبکہ کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے مہران ٹاؤن میں 28 سالہ مریم زوجہ ذوالفقار زخمی ہوگئیں۔ بہادرآباد کے علاقے محمد علی سوسائٹی میں فائرنگ سے دو افراد 21 سالہ ثاقب ولد فاروق اور 20 سالہ اسماعیل ولد حنیف زخمی ہوئے۔

میمن گوٹھ کے علاقے سموں گوٹھ میں ساٹھ سالہ امینہ بی بی گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوئی۔ قائد آباد کے علاقے میں الجدون اسکول کے قریب 38 سالہ سفیر اللہ ولد عبدالواحد جبکہ منظور کالونی میں 42 سالہ فیصل علیم ولد علیم خان، جیکسن کے علاقے میں شیریں جناح کالونی کے قریب گلشن سکندرآباد میں فائرنگ سے 55 سالہ رسول بخش ولد لعل زمان اور ملیر کالا بورڈ کے علاقے میں بتیس سالہ اعظم ولد پرویز زخمی ہوئے۔ ان تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

لیاری کے علاقے بغدادی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 22 سالہ شاہ زیب ولد حنیف جبکہ کلاکوٹ کے علاقے میں بکرا پیڑی روڈ پر بیس سالہ فہد حسین ولد بشارت حسین زخمی ہوئے۔ اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر پر 24 سالہ سمیر ولد ثمر گل زخمی ہوا، تینوں زخمیوں کو سول اسپتال لے جایا گیا۔

نیو کراچی خمیسو گوٹھ میں جشن آزادی کی مناسبت سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں 40 سالہ ریاض ولد عیسیٰ زخمی ہوا۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے پاکستان بازار میں 19 سالہ کرن صادق جبکہ سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں فور کے چورنگی کے قریب 31 سالہ رخسانہ زوجہ نادر اور سہراب گوٹھ میں 35 سالہ نازیہ زخمی ہوئی۔ ان تمام افراد کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔


دریں اثنا رسالہ کے علاقے پان منڈی کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سر میں لگنے سے 40 سالہ عرفان نامی شخص زخمی ہوگیا جسے رات گئے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لایا گیا جبکہ گلبہار خاموش کالونی میں 18 سالہ اسمٰاعیل ، ناگن چورنگی کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے خاتون 28 سالہ صائمہ اعجاز جبکہ نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب بھی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔