ہائی کورٹ نے چیئرمین نادرا کی برطرفی کیس میں فیصلھ محفوظ کرتے ہوئے جاری کئے گئے حکم امتناع کو برقرار رکھا اس موقع پر جسٹس نورالحق قریشی کا کہنا تھا عدالتی فیصلہ آنے تک طارق ملک چیرمین نادراکے عہدے پر برقراررہیں گے۔
جسٹس نورالحق قریشی نے چیئرمین نادرا کی برطرفی کیس کی 9 گھنٹے تک سماعت کی۔ فریقین کی جانب سے دلائل سننے کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے حکم امتناع کو برقرار رکھا۔ عدالت کے بابر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نادرا کے وکیل بابر ستار کا کہنا تھا حکومت کی جانب سے ان کے موکل کے خلاف عدالت میں غلط بیانی کی گئی، عدالت کو بتایا گیا کہ طارق ملک 21 لاکھ روپے تنخواہ وصول کر رہے ہیں جبکہ ان کی تنخواہ 8 لاکھ روپے ہے، بابر ستار نے کہا کہ طارق ملک کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس نہیں، وفاقی حکومت نے صرف مفروضوں کو بنیاد بنا کر انہیں عہدے سے ہٹایا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 2 دسمبر کی شب چیرمین نادرا طارق ملک کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دے کر برطرف کر دیا تھا جس کے بعد چیرمین نادرا نے حکومتی اقدام کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔