دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا نے پاکستان کو 24 رنز سے ہرادیا

212 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی

سری لنکا کے سینا نائکے نے سب سے زیادہ 3، سیکوگے پراسنا، نووان کلاسیکرا اور تھسارا پریرا نے 2،2 جبکہ ملنگا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI:
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 24 رنز سے مات دے کر 2 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔


دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے، سری لنکن بیٹسمینوں نے شروعات سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور بال کو مسلسل باؤنڈری کے پار پہنچاتے رہے، اوپنر کوسال پریرا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 84 رنز بنائے جبکہ دلشان اور کمار سنگاکارا بھی بالترتیب 48 اور 44 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے، اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سیکوگے پراسنا نے بھی 21 رنز اسکور کئے۔ پاکستان کی جانب سے اسپنر سعید اجمل نے 4 اوورز میں 25 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سری لنکا کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

212 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، شرجیل خان کے علاوہ تمام بیٹسمینوں نے ایک بار پھر مایوس کیا اور ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز سری لنکن بولروں کے آگے نہ ٹک سکا، شرجیل خان 50 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد 8، کپتان محمد حفیظ 7، صہیب مقصود 15 جبکہ پہلے میچ کے مین آف دی میچ شاہد آفریدی 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جب 8 وکٹیں گرچکی تھی اس وقت بولر سہیل تنویر اور سعید اجمل نے سری لنکن بولروں کا بھرپور مقابلہ کیا تاہم پھر سہیل تنویر 41 اور سعید اجمل 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ سری لنکا کے سینا نائکے نے سب سے زیادہ 3، سیکوگے پراسنا، نووان کلاسیکرا اور تھسارا پریرا نے 2،2 جبکہ ملنگا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
Load Next Story