تاپسی پنو کی ’’شادی ڈاٹ کام‘‘ کی شوٹنگ مکمل فلم اگلے برس ریلیز ہوگی

امیت رائے کی ہدایتکاری میں تیارہونیوالی فلم میں امیت سدھ نے ہیرو کا کردار ادا کیا،شوٹنگ امرتسراور پٹیالہ میں کی گئی


Showbiz Desk December 14, 2013
فلم لوگوں کوبہت زیادہ تفریح فراہم کرے گی:امیت سدھ ، رننگ شادی ڈاٹ کام کی ریلیز کا بے تابی سے انتظار کررہی ہوں ،تاپسی پنو۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو کی رومانوی اور کامیڈی فلم ''رننگ شادی ڈاٹ کام'' کی شوٹنگ مکمل ہوگئی ہے۔

کروچنگ ٹائیگر موشن پکچرز کے بینرتلے اور وکی ڈونر کی پروڈکشن میں تیار ہونے والی اس فلم کے ہدایتکار امیت رائے جب کہ شوجیت سرکار اور ان کے پارٹنر رونی لہری پروڈیوسر ہیں۔ فلم میں ''چشم بدور'' کی ہیروئن تاپسی پنو اور ''کائی پو چی'' کے ہیرو امیت سدھ نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ فلم کی شوٹنگ اکتوبر میں پٹیالہ میں شروع ہوئیں اورگزشتہ روز اختتام پذیر ہوگئی ہیں۔ ''رننگ شادی ڈاٹ کام'' ایسی ویب سائٹ کے متعلق بنائی گئی ہے جو پیار کرنے والے جوڑوں کو شادی کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔فلم کی کہانی کے مطابق رام بھروسے جس کا کردار امیت سدھ کررہے ہیں اور نمی جس کا کردار تاپسی پنو کررہی ہیں، ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں تو وہ صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں رننگ شادی کو ہینڈل کرتے ہیں۔فلم کے ہدایتکار امیت رائے کا کہنا ہے کہ تفریح سے بھر پور اس فلم کی شوٹنگ کامیابی سے مکمل کرلی گئی ہے اور اسے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کرنے کی خاطر پوسٹ پروڈکشن پر کام شروع کیا جارہا ہے جو فلم کی عکسبندی کی طرح جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا اور فلم کو آئندہ برس سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

تاپسی پنو اور امیت سدھ اپنی فلم کے سلسلہ میں خاصے پرجوش ہیں اور ان کا کہناہے کہ ''رننگ شادی ڈاٹ کام'' میں اپنے جیسا ذہن رکھنے والے افراد کے ساتھ کام کرنے اور ان کے قریب رہنے کا موقع ملا ۔امیت کا کہنا ہے مجھے امید ہے کہ ہماری بنائی گی یہ فلم لوگوں کو زیادہ سے زیادہ تفریح فراہم کرے گی ۔تاپسی کا کہناہے کہ ہمیں اس فلم کی شوٹنگ کے شروع اور پھر ختم ہوجانے کا کوئی احساس نہیں ہوا ۔ اب میں اس کے سینما گھروں میں ریلیز کا بے تابی سے انتظار کررہی ہوں اور یہ فلم یقینا کامیاب ثابت ہوگی۔اطلاعات کے مطابق فلم کو آئندہ برس کے وسط میں سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ 26سالہ اداکارہ تاپسی پنو نے شوبز میں کیرئیر کی شروعات ماڈلنگ سے کیں۔یکم اگست 1987ء کو دہلی کے پنجابی سکھ گھرانے میں پیدا ہونے والی تاپسی نے پہلی فلم تلگو زبان میں کی۔بنیادی طور پر کمپیوٹر انجینئر ہیں۔



ان کی بہن شگن پنو کو بھی فنون لطیفہ سے دلچسپی ہے اور انھیں بھی فلموں میں لانے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔تاپسی نے ابتدائی تعلیم دہلی کے ہی جے کور پبلک ہائی اسکول سے حاصل کی۔ تاپسی نے بعدازاں کمپیوٹر سائنس میں گریجوایشن کرنے کے بعد کیریئر کا آغاز بطور سافٹ ویئر انجینئر کیا۔ اس شعبے میں کچھ عرصہ خدمات دینے کے بعد تاپسی نے شوبز کا رخ کیا ۔ماڈلنگ میں قدم رکھا تو 2008تک اس شعبے میں نمایاں پرفارمنس پر دو اہم ایوارڈز دیے گئے ۔بھارتی ٹی وی چینل پر بھی پرفارم کرنے کا موقع ملا اور چھوٹی اسکرین پر اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔اسی عرصہ میں تاپسی نے کمرشل میں پرفارم کرکے خود کو ماڈل کے طور پر منوالیا اسی اثنا انھیں بیوٹی کوئین کا بھی اعزاز حاصل ہوا۔

اداکارہ تاپسی نے 2010کے دوران فلمی سفر کا آغاز کیا ۔ان کی پہلی تلگو فلم تھی جسے سائوتھ کے مشہور ڈائریکٹر راگھوویندرارائو نے ڈائریکٹ کیا ۔اس فلم میں تاپسی کی بہترین پرفارمنس پر انھیں دو اہم قومی ایورڈز کے لیے بھی نامزد کیا گیا۔اس فلم کی کامیابی کے بعد تاپسی کو سائوتھ کی بے شمار فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی اور پھر انھوں نے متعدد تلگو ،تامل اور ملیالم فلموں میں اہم کردار نبھائے ۔ان فلموں میں ان کی بہترین پرفارمنس پر انھیں 6نیشنل فلم ایوارڈز سے نوازا گیا ۔2010سے 2011کے دوران تاپسی کی 10تلگو، تامل اور ملیالم زبانوں میں فلمیں سینماگھروں کی زینت بنائی گئیں۔ان فلموں میں انھیں بہترین پرفارمنس پر کئی ایوارڈز بھی ملے اور سائوتھ کی انڈسٹری میں ان کے چرچے ہونے لگے۔2012کے دوران تین فلموں میں اہم کردار نبھائے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں