صومالیہ ہوٹل پر خود کش حملے میں 16 افراد ہلاک اور 43 زخمی

حملے کی ذمہ داری شدت پسند جماعت الشباب نے قبول کرلی ہے


ویب ڈیسک August 17, 2020
شدت پسند تنظیم الشباب نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے، فوٹو : فائل

صومالیہ کے ساحلی علاقے میں لگژری ہوٹل پر حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے جب کہ 43 افراد زخمی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک صومالیہ کے دارالحکومت کے ساحلی علاقے میں ایک ہوٹل پر خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری کار ٹکرادی جس سے افراتفری مچ گئی اور 5 مسلح حملہ آور ہوٹل میں داخل ہوگئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہوگئے۔

ہوٹل پر حملے کے اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا، حملہ آوروں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی جھڑپ میں پانچوں حملہ آور مارے گئے جب کہ سیکیورٹی اہلکار سمیت 12 شہری ہلاک ہوگئے۔

ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے تاہم ہلاک ہونے والوں میں غیر ملکی شہریوں کے شامل ہونے کا خدشہ ہے۔ حملے کی ذمہ داری الشباب نے قبول کرلی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں