’خصوصی اشاعت‘ کا یہ سفر اب تمام ہوتا ہے۔۔۔

ہمیں امید ہے کہ بہت جلد ہم مکمل طور پر اس وبا سے خاتمے کا دن دیکھیں گے۔۔۔

ہمیں امید ہے کہ بہت جلد ہم مکمل طور پر اس وبا سے خاتمے کا دن دیکھیں گے۔۔۔ فوٹو : فائل

رواں برس فروری میں 'کورونا' کا پہلا مریض سامنے آنے کے بعد سے پوری دنیا کی طرح ہمارے ملک میں بھی ایک عجیب پریشانی اور تشویش کا عالم رہا۔۔۔ بہت زیادہ غیر یقینی کی فضا قائم ہوگئی۔۔۔

مارچ 2020ء کے اختتام تک صورت حال پر قابو پانے کے لیے 'لاک ڈاؤن' کیا گیا۔۔۔ لیکن لوگوں کی بے احتیاطی کے سبب 'کورونا' میں جان سے گزرنے والوں کی تعداد بڑھتے بڑھتے سیکڑوں افراد روزانہ تک جا پہنچی۔۔۔ اور افسوس کہ ہم سب کے حلقے میں ہی کوئی نہ کوئی فرد ضرور 'کورونا' کا شکار ہوا۔۔۔

وبا کے یہ مشکل دن شروع ہوئے، تو ہم نے بھی اپنے قارئین کی آگاہی اور راہ نمائی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی، جس کی شکل ہر منگل کو شایع ہونے والا زیر نظر صفحہ بہ عنوان 'جنگ جاری ہے' تھا۔۔۔


سات اپریل 2020ء کو اس سلسلے کا پہلا شمارہ روزنامہ 'ایکسپریس' کی زینت بنا۔۔۔ جس میں ہم نے پوری کوشش کی کہ 'کورونا' سے جڑے ہوئے تمام مسائل اور موضوعات کا احاطہ کیا جائے۔۔۔ اس لیے ہم نے اس میں صرف اس بیماری کے حوالے سے احتیاطیں ہی شایع نہیں کیں، بلکہ ہر لمحہ بدلتی ہوئی صورت حال کے ساتھ 'کورونا' کی وجہ سے سامنے آنے والے مختلف منظر ناموں کو بھی موضوع کرنے کی کوشش کی۔۔۔

'لاک ڈاؤن' کے سبب سماج میں برپا ہونے والے معاشی المیوں کا تذکرہ بھی رہا، تو مختلف ٹی وی چینلوں پر 'کورونا' کی 'خبر نگاری' کے دوران اپنائے جانے والے سنگین طرز عمل پر بھی بھرپور آواز بلند کی گئی۔۔۔ 'کورونا' کے حوالے سے بنیادی احتیاطوں پر رائے عامہ ہموار کی، تو ساتھ ہی عوام کے دلوں میں پیدا ہونے والے ابہام کو بھی اپنے صفحات پر کھل کر موضوع بنایا، جس میں بے بنیاد غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی اور ساتھ میں جواب طلب باتوں کا بھرپور تذکرہ بھی کیا۔۔۔

اس کے ساتھ ہی 'کورونا' سے بالواسطہ یا بلاواسطہ جڑے ہوئے مختلف ہلکے پھلکے موضوعات کے ذریعے ہم گھروں میں بند ہونے والے مختلف طبقہ ہائے زندگی کے افراد کی دل جوئی اور حوصلے بلند کرنے کے لیے بھی کوشاں رہے۔۔۔ حکومتی اقدامات کا بھی غیر جانب دارانہ تجزیہ کیا، تو ساتھ ساتھ لوگوں کی غفلتوں کو بھی اپنے صفحے کا عنوان کیا۔۔۔ الغرض ہم نے وبا کے دنوں میں ملک کے 11 شہروں میں اپنے قارئین کے لیے مسلسل چار ماہ تک اپنا ہر ممکن کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔۔۔ اب اللہ کا شکر ہے کہ یہ مہلک وبا منہ زور نہیں رہی۔۔۔ صورت حال دھیرے دھیرے معمول کی طرف لوٹ رہی ہے۔

ہمیں امید ہے کہ بہت جلد ہم مکمل طور پر اس وبا سے خاتمے کا دن دیکھیں گے۔۔۔ چناں چہ اب ہم بھی دوبارہ اپنے معمول کے صفحات کا رخ کر رہے ہیں، سات اپریل 2020ء کو جاری ہونے والے اس 'ہفتہ وار' صفحے 'جنگ جاری ہے' کا سفر آج 18 اگست 2020ء کو تمام ہوتا ہے۔۔۔ اگلے منگل سے یہ صفحہ شایع نہیں ہوگا۔
Load Next Story