دس سال میں اسٹیل ملز کو 169 ارب 51 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا حماد اظہر

جون 2013سے اسٹیل ملز ملازمین کو 34ارب تنخواہ کی مد میں ادا کئے جا چکے ہیں،وفاقی وزیر کا سینیٹ میں جواب


Staff Reporter August 18, 2020
وفاقی وزیر صنعتی پیداوار نے سینیٹ کو کورونا وائرس کے لیے ملنے والی امداد کے بارے میں بھی ایوان بالا کو آگاہ کیا۔ (فوٹو، فائل)

وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کے گزشتہ 10سالوں کے دوران خسارے کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کردی ہیں۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے ایوان بالا میں پاکستان اسٹیل ملز کے گزشتہ 10سال کے خسارے کی تحریری تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ دس سالوں میں اسٹیل ملز کا مجموعی آپریشنل خسارہ 169ارب 51کروڑ رہا ۔ مالی سال 2018-19میں مالی خسارہ 16ارب 50کروڑ رہا۔

حماد اظہر نے بتایا کہ حکومت اسٹیل ملز کی بحالی اور منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔جون 2013سے اسٹیل ملز ملازمین کو 34ارب تنخواہ کی مد میں ادا کئے جا چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اسٹیل ملز کے اثاثوں کی کل لاگت 409ارب 68کروڑ روپے ہیں، پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کا فیصلہ نجکاری پالیسی کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں گے ۔ جوائنٹ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر سٹیل مل چلانے کا آپشن بھی ہے۔ پبلک پرائیوٹ مشترکہ ونچر کی تجویز بھی زیرغور ہے۔اس پر تجاویز لی جا رہی ہیں۔ جماعت اسلامی اور جے یو آئی ف نے سٹیل ملز کی نجکاری کی مخالفت کی ۔

کورونا کے لیے غیر ملکی امداد کی تفصیل

وزارت اقتصادی امور نے ملک میں کورونا کی صورتحال اور غیر ملکی امداد کی تفصیل سینیٹ میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 15 ممالک و بین الاقوامی اداروں نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر رقم فراہمی کا وعدہ کیا۔ان میں سے 2اعشاریہ 26 ارب ڈالر تقسیم کی جاچکی ہے۔ امداد دینے والوں میں امریکا ، چین، برطانیہ، کینیڈا، جاپان، جنوبی کوریا، آئی ایم ایف، ورلڈ بنک، اے ڈی بی اور دیگر ادارے شامل ہیں۔

فلسطینی سفیر کونوٹس کا معاملہ

مشاہد حسین سید نے فلسطینی سفیر کو ایف بی آر کی جانب سے نوٹس بھجنے اور ان کی۔گاڑیاں ضبط کرنے کا معاملہ سینیٹ میں اٹھا دیا اور نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ چئیرمین سینیٹ نے معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔

یہ خبر بھی پڑھیے: غیر ملکی سفیر کو نوٹس دینے پر ایف بی آر کی معذرت

قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی اجلاس میں اسلام آباد دارلخلافہ ٹرسٹ بل 2020 اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام میں ترمیم کا بل 2020 منظور کرلیا۔ سینیٹ نے جسٹس ریٹائرڈ افضل لون کے لیے تعزیتی قرارداد منظور کی ۔۔ اسلام آباد دارالخلافہ ٹرسٹ بل 2020 اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام میں ترمیم کا بل 2020 منظور کرلیا گیا بعدازاں سینیٹ کا اجلاس بدھ کی شام پانچ بجے تک ملتوی کر دیا گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔