کڈنی ہل پارک شہریوں کیلیے کھول دیا گیا

پارک صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کھلا رہے گا،کڈنی ہل پر سماجی و ثقافتی تقریبات بھی منعقد کی جاسکتی ہیں


Staff Reporter August 19, 2020
کڈنی ہل پارک کی پہاڑی کا منظر ،شجرکاری میں لگائے گئے پودے پروان چڑھ رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

میئر کراچی وسیم اختر نے حال ہی میں تعمیر ہونے والے کڈنی ہل پارک کو شہریوں کے لیے کھولنے کا اعلان کردیا جو شہریوں کے لیے صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کھلا رہے گا جب کہ اس پارک میں شہریوں کا داخلہ مفت ہوگا۔

میئر کراچی نے کہا ہے کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے شہریوں کے لیے یہ بہترین تحفہ ہے، کڈنی ہل پارک شہر کے وسط میں ہونے کی وجہ سے بہترین تفریحی مقام ہے، اس پارک کو مزید بہتر اور دلکش بنانے کے لیے ترقیاتی کام جاری رہے گا، کڈنی ہل پر سماجی و ثقافتی تقریبات بھی منعقد کی جاسکتی ہیں،شہری علی الصباح واک اور جاگنگ کے لیے کڈنی ہل آسکتے ہیں۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے وسط میں واقع 62 ایکڑ رقبے پر محیط کڈنی ہل پارک میں 40 ہزار سے زائد مختلف اقسام کے درخت اورپودے لگائے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پارک کی زمین پر قابضین نے قبضہ کیا ہوا تھا، گھر، دکانیں، بھینسوں کے باڑے بنا لیے تھے اور اسپتالوں اور فیکٹریوں کا ٹنوں کے حساب سے فضلہ یہاں ڈمپ کیا جاتا تھا، قبضہ مافیا سے اس جگہ کو خالی کرانے کے بعد یہاں کراچی کے روایتی درخت، نیم، آم، ناریل پپیتا، جنگل جلیبی اور مورنگالگا دیے گئے ہیں اور ان میں مزید اضافہ کیا جا رہاہے۔

انہوں نے بتایا کہ 1974میں اس قطع اراضی کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے حوالے کیا گیا تھا لیکن یہاں اب تک پارک تعمیر نہیں ہوسکا تھا، پارک کی تعمیر سے قبل اس قطع اراضی کا جغرافیائی مطالعہ کرایا گیا جس کے ذریعہ یہاں موجود درختوں کے بارے میں معلومات، پارک کے بلند ترین مقام اور گہرائی سمیت دیگر معلومات اکھٹی کی گئیں، یہاں پر جو ٹریک تعمیر کیے گئے ہیں وہ طویل ترین ٹریک ہیں جس سے شہری مستفید ہوںگے، انھوں نے کہا کہ اس پارک کی بلندی سے شہر کا حسین نظارہ کیا جاسکتا ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ کڈنی ہل پارک کی تعمیر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اپنے وسائل سے کی ہے اور بہت جلد یہ کراچی کا سب سے بڑا اور دلکش پارک ثابت ہوگا، کڈنی ہل پارک کے ساتھ ساتھ شہر کے دیگر تمام پارکوں اور سڑکوں کی گرین بیلٹ کی دیکھ بھال اور پارکوں کی تزئین و آرائش اور درختوں کی کانٹ چھانٹ جاری ہے شہر کے موسم کو معتدل رکھنے اور فضائی آلودگی کے خاتمے میں درخت کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔