کروڑوں کی لوٹ مار کا منصوبہ ناکام بلدیاتی اداروں میں نیلامی پر پابندی عائد

بلدیاتی مدت ختم اورنیا مالی سال شروع ،بلدیاتی نمائندے اورافسران املاک اورٹیکسزکے شعبوں کانیلام کرکے مال کماناچاہتے تھے

حکومت نے بلدیاتی اداروں پرہرقسم کی نیلامی کی پابندی لگادی،حکم عدولی پرافسران کیخلاف کارروائی اور نیلامی بھی منسوخ ہوگی ۔ فوٹو : فائل

سندھ حکومت کے محکمہ لوکل گورنمنٹ بورڈ نے بلدیاتی اداروں میں کروڑوں روپے کی مبینہ لوٹ مار کا منصوبہ خاک میں ملادیا۔

سندھ حکومت محکمہ لوکل گورنمنٹ بورڈ نے صوبے بھر کی تمام ضلع کونسل اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن میں ہر قسم کی نیلامی (آکشن) پر پابندی عائد کردی ہے اور اس سلسلے میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ ضمیر عباسی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے.


ذرائع کے مطابق نیلامی پر عائد پابندی کے باعث بلدیاتی اداروں کا مبینہ کروڑوں کی لوٹ مار کا منصوبہ بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔ منتخب بلدیاتی نمائندوں کی مدت رواں ماہ ختم ہورہی ہے جبکہ نئے مالی سال کا بھی آغاز ہوچکا ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بلدیاتی نمائندے اور افسران سرکاری املاک اور ٹیکسز سے وابستہ شعبوں کا نیلام کرکے جاتے جاتے بڑا چھکا مارنے کی تیاریوں میں مصروف تھے جس کا سندھ حکومت نے فوری نوٹس لیتے ہوئے صوبے کے تمام بلدیاتی اداروں پر ہرقسم کی نیلامی کرنے پر تاحکم ثانی پابندی عائد کردی ہے.

اس سلسلے میں واضح کردیا ہے کہ حکم عدولی کی صورت میں متعلقہ افسران کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی کے ساتھ ساتھ کی جانے والی نیلامی کو بھی منسوخ کردیا جائے گا.

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کی جانب سے عائد کی گئی پابندی کے بعد منتخب بلدیاتی نمائندوں اور ان کے دست راست افسران میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
Load Next Story