بھتہ خوری میں ملوث ملزمان اسٹریٹ کرائم کرنے لگے ایس ایس پی وسطی

بھتہ شکایات کم ہوگئیں،جرائم پیشہ عناصرنے وارداتوں کا طریقہ کار تبدیل کردیا

نچلی سطح پرعدالتی نظام کی اصلاح کیلیے بلاتاخیر اقدامات کیے جائیں،عتیق میر ۔فوٹو:فائل

چھوٹے تاجروں نے کراچی آپریشن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اب شہر کی تجارتی سرگرمیاں بہتراور مارکیٹں خوف کے ماحول سے باہر آچکی ہیں جبکہ80 فیصد تجارتی مراکز میں بھتہ شکایات گھٹ چکی ہیں۔

یہ بات آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے لیاقت آباد تاجران اتحاد کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کہی، انھوں نے کہا کہ جرائم کے خلاف مارکیٹوں کی سطح پر شکایتی سیل قائم کیے جارہے ہیں، کراچی آپریشن کے حوصلہ افزا نتائج کیلیے تاجروں اور حفاظتی اداروں کے مابین روابط میں مزید بہتری لانا ہوگی،نچلی سطح پرعدالتی نظام کی اصلاح کیلیے بلاتاخیر اقدامات کیے جائیں،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی نے تاجروں کویقین دلایا کہ آپریشن بلاتعطل جاری رہا تو صرف 6 ماہ میں کراچی دوبارہ روشنیوں کا شہر بن جائیگا،انھوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر وارداتوں کا طریقہ کار تبدیل کررہے ہیں، بھتہ خوری میں ملوث ملزمان اب چوریوں اور ڈکیتیوں کی وارداتوں میں مصروف ہیں، انھوں نے کہا کہ شہر میں مستقل امن کیلیے گرفتار ملزمان کو قانون کی مدد سے کیفرِکردار تک پہنچانا لازم ہے، گرفتار ملزمان حسبِ سابق موجودہ ناقص عدالتی سسٹم کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاکر رہا ہوسکتے ہیں۔




انصار بیگ قادری نے کہا کہ تاجروں کو درپیش مسائل کے پیشِ نظر شہر میں پولیس اور رینجرز کی نفری میں اضافہ ناگزیر ہے،اس موقع پر لیاقت آباد شہید چوک ٹرنک مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر حبیب احمد، الاعظم اسکوائر رینٹ اے کار ایسوسی ایشن کے صدر نواب قریشی، لیاقت آباد الیکٹرونکس مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر کامران عطاء، لیاقت آباد کباڑی مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد فراز، فردوسی شاپنگ سینٹر ایسوسی ایشن کے صدر محمد کامران بیگ اینڈ اسٹیشنری مارکیٹ اردو بازار ایسوسی ایشن کے صدر آصف قیصر، لیاقت آباد ریگزین مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر عدنان احمد، لیاقت آباد کپڑا مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر سید لیاقت علی اور جاوید سایا، لیاقت آباد سپر مارکیٹ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر وقار احمد، لیاقت آباد فرنیچر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر اخلاق احمد نے آل کراچی تاجر اتحاد میں شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر انصار بیگ قادری، زبیر علی خان، سمیع اللہ خان، میر عبدلحئی خان، بابر بنگش، انوار نقشبندی، شاہد ویانی اورایس پی محمد ثاقب اور ضلع وسطی کے تھانوں کے انچارجز بھی موجود تھے۔
Load Next Story