شہرہ آفاق ڈرامہ ”ان کہی “اب تھیٹر کی صورت میں پیش کیا جائے گا

’ان کہی‘ کو دوبارہ لانے کا مقصد نئی نسل کو پیغام دینا ہے کہ اس دور میں ہمیں محبتوں کی ضرورت ہے، حسینہ معین


August 19, 2020
ڈرامہ ’ان کہی‘ 20 اکتوبر سے آرٹس کونسل میں شروع ہو گا، صدر آرٹس کونسل۔ فوٹو:فائل

پاکستان کی معروف ڈرامہ نگار حسینہ معین کا شہرہ آفاق ڈرامہ "ان کہی " کراچی آرٹس کونسل میں تھیٹر کی صورت 20اکتوبر سے پیش کیا جائے گا۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے ان کہی 2020 تھیٹر کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی اجازت سے ایس او پی کے ساتھ آرٹس کونسل میں ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، جشن آزادی کے کامیاب فیسٹیول کے بعد اب تمام پروگرام معمول کے مطابق ہوں گے، جب کہ ملک کی معروف ڈرامہ نگار و ادیبہ حسینہ معین کا لکھا ہوا ڈرامہ ان کہی 20 اکتوبر سے آرٹس کونسل میں شروع ہو گا۔ اس موقع پر حسینہ معین، ساجد حسن، آمنہ الیاس داور محمود اور ثاقب سمیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث ان کہی تھیٹر ملتوی کردیا گیا تھا، اب ہمارے ملک میں اس وبا کو کنٹرول کرلیا گیا ہے، اور حکومت نے بھی زندگی بحال کرنے کی اجازت دی ہے جس کے بعد آرٹس کونسل نے ثقافتی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اور بھی بہت سارے فیسٹیول ترتیب دئے گئے ہیں جن کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پلے کی رائٹر حسینہ معین نے کہا کہ ان کہی کو دوبارہ لانے کا مقصد نئی نسل کو پیغام دینا ہے کہ اس دور میں ہمیں محبتوں کی ضرورت ہے، جب تک دلوں سے نفرت نہیں مٹے گی آپ آگے نہیں بڑھ سکتے۔ اسی پیغام کے فروغ کے لئے یہ کہانی پہلے بھی لکھی گئی تھی اور آج دوبارہ لکھی گئی ہے۔

پلے کے ڈائریکٹر داور محمود نے کہا کہ 20 اکتوبر سے شروع ہونے والا 'ان کہی' پرانا والا ان کہی نہیں، تاہم اس میں پرانے پیغام کو نئے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ڈیڑھ سو سے زائد فن کار اس میں کام کریں گے، جن میں آرٹسٹ، ڈانسر اور دیگر لوگ شامل ہیں، جب کہ اس ٹیم کو بہترین فن کارہ آمنہ الیاس لیڈ کریں گی۔

اداکار ساجد حسن نے کہا کہ حسینہ معین اس ملک کی لیجنڈ ہیں جن کا قلم ٹریفک روک دیتا تھا، یہ بہت تحقیق کر کے لکھتی ہیں۔ حسینہ معین کی اسٹوری کو لوگ دیکھ سکتے ہیں۔ اس ڈرامہ میں حسینہ معین کی زندگی کی کہانی ہے۔ ثاقب سمیر نے کہا کہ یہ پلے سابق ان کہی سے مختلف ہے آج کے حالات کے مطابق ہے۔ اداکارہ آمنہ الیاس کا کہنا تھا کہ یہ میرا پہلا اسٹیج شو ہے، ڈرامے میں مختلف سینز کا حصہ رہی ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے