جعل سازوں کی انوکھی واردات ڈاکٹر کی سِم اپنے نام کروا کر بھاری رقم ہتھیا لی  

بہاولپور میں موجود ایک منظم گروہ نے دھوکا دہی سے نارتھ کراچی کے رہائشی سینیئرڈاکٹرکو لاکھوں روپے سے محروم کردیا

فراڈ کرنے والے گروہ نے متاثرہ ڈاکٹر کی ذاتی معلومات کے استعمال کرکے بھاری نقصان پہنچایا۔ (فوٹو، فائل)

دھوکا دہی کے اپنی نوعیت کے انوکھے واقعے میں بہاولپور میں مقیم نامعلوم ملزمان نے کراچی کے رہائشی سینیئر ڈاکٹرکی موبائل فون سم اپنے نام کرواکرلاکھوں روپے دھوکے سے نکلوا لیے۔

ذرائع کے مطابق دھوکہ دہی اورنوسربازی کا انوکھا واقعہ گذشتہ دنوں شہر میں پیش آیا۔ بہاولپور میں موجود ایک منظم گروہ نے دھوکا دہی سے نارتھ کراچی کے رہائشی سینیئرڈاکٹرکو لاکھوں روپے سے محروم کردیا۔ ایف آئی اے سائبرکرائم نے نارتھ کراچی کے رہائشی سینئرڈاکٹر کی موبائل سم کو دھوکہ دہی سے اپنے نام کرواکے بھاری رقوم ٹرانسفر کروانے کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ ڈاکٹر کو 13اگست کی شام اپنی موبائل سم کے غیرفعال ہونےکا پتہ چلا،جسے ابتدا میں انھوں نے موبائل فون سگنلزکی خرابی سمجھا مگربعدازاں جب مسئلہ حل نہ ہواتوانھوں نے موبائل کمپنی کے دفترسے رجوع کیا،جہاں سے انھیں پتہ چلا کہ ان کی موبائل سم بہاولپور میں موجود کسی لال دین نامی شخص نے اپنے نام کروالی ہے۔


نامعلوم ملزمان کی جانب سے نوسربازی کے ذریعے سم اپنے نام کروانے کے لیے موبائل کمپنی کو مذکورہ ڈاکٹر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ مہیا کیا گیا ہے۔نامعلوم ملزمان کی جانب سے بات صرف موبائل فون سم تک ہی محدود نہیں رہی بلکہ بعدازاں ان کی ای میل آئی ڈی کو انتہائی مہارت سے ہیک کیاگیااوران کے دومختلف بینکوں کی برانچز میں موجود ساڑھے بارہ لاکھ روپے مہارت سے منتقل کرلیے گئے۔

ڈاکٹر کی جانب سے نارتھ کراچی پولیس اسٹیشن جبکہ سائبرکرائم کو تحریری طورپرآگاہ کیا گیا،جس کے بعد ان کی موبائل فون سم بلاک کرکے نامعلوم ملزمان کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ شہریوں کو رقوم اوران کی دیگر قیمتی سامان سے محروم کرنے کے لیےملزمان نت نئے طریقے استعمال کرتے ہیں۔ تاہم مذکورہ واقعہ انتہائی منفرد ہے،جس کے دوران ملزمان نے چالبازی کی تمام حدیدیں پارکرلیں اور بیک وقت شہری کے کئی ذاتی نوعیت کی معلومات تک رسائی حاصل کرلی۔
Load Next Story