استثنیٰ حاصل ہے کوئی مائی کالال گرفتار نہیں کر سکتا گیلانی وکیل نیب کے سامنے پیش

آج میں پیش ہوا تو کل نواز شریف بھی پیش ہوں گے،چیئرمین نیب میری انکوائری کیاکریں گے وہ تو خود مطلوب ہیں


Monitoring Desk/Numainda Express December 14, 2013
بلدیاتی الیکشن آنے والے ہیں اور ممکن ہے کہ مجھے پہلا سیاسی قیدی بنا دیا جائے،سابق وزیراعظم۔فوٹو:فائل

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ میں صدر زرداری کے لیے وزارت اعظمٰی کی کرسی چھوڑ سکتا ہوں تو اپنے استثنیٰ کے لیے بھی اسٹینڈ لے سکتا ہوں، استثنیٰ ختم ہونے پرآج اگر میں پیش ہوا تو کل نواز شریف بھی پیش ہونگے۔

جمعے کو اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مجھے جونوٹس ملا ہے اس میں پیش نہیں ہونگا کیونکہ آرٹیکل 248 کے تحت مجھے استثنیٰ حاصل ہے۔ ہر الیکشن سے قبل مجھے اندر کردیا جاتا ہے، بلدیاتی الیکشن آنے والے ہیں اور ممکن ہے کہ مجھے پہلا سیاسی قیدی بنا دیا جائے۔ میری انکوائری چیئرمین نیب کیا کریں گے وہ تو خود مطلوب ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس تصدق جیلانی سیاست نہیں کریں گے بلکہ جج کے طور پر کام کریں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق انھوں نے کہا کہ دیکھتا ہوں کون مائی کا لال مجھے گرفتارکرتا ہے۔ آئی این پی کے مطابق انھوں نے کہا کہ کیا کوئی جج یا جنرل کرپٹ نہیں؟ کیا ان کو مقرر کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی این آئی سی ایل کیس میں نیب کی تحقیقات میں شامل ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق این آئی سی ایل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں سابق وزیراعظم کے وکیل نیب کی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے اور یوسف رضا گیلانی کا جواب پیش کیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیب ذرائع کے مطابق ضرورت پڑنے پر یوسف رضا گیلانی کوخود پیش ہونا پڑے گا۔



دریں اثنا نیب نے این آئی سی ایل کیس کے حوالے سے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر نیک نیتی سے کام جاری رکھیں گے، کسی فرد کو اس کی سیاسی وابستگی کی بنا پر نشانہ نہیں بنایا جارہا، قانون اور معمول کے مطابق سمن جاری کیے گئے، ضرروی نہیں کہ سمن کیے گئے شخص پر فرد جرم عائد کی جائے، تحقیقات کا مقصد مجرم کی شناخت اور مزید کارروائی کرنا ہے۔ آئی این پی کے مطابق یوسف رضا گیلانی کی طرف سے طلبی کے سمن جاری کرنے پر تنقید کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر قانون اور معمول کے مطابق سمن جاری کیے، تحقیقات کا مقصد مجرم کی شناخت اور مزید کارروائی کرنا ہے۔ این این آئی کے مطابق تحقیقاتی حکام نے یوسف رضا گیلانی کے وکیل سے3 گھنٹے تک تفتیش کی۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار کیا تھا تاہم انکے وکیل نیب میں پیش ہوئے اوریوسف رضا گیلانی کی جانب سے تحقیقاتی ٹیم سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کی پرنسپل سیکریٹری نرگس سیٹھی بھی نیب میں پیش ہوئیں، این آئی سی ایل کیس میں نیب حکام نے نرگس سیٹھی سے 2 گھنٹے تفتیش کی۔ ذرائع کے مطابق سابق سیکریٹری داخلہ قمر زمان چوہدر ی ، چو ہد ری عبدالروف اور دیگر سے تفتیش پہلے ہی ہوچکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔