دنیا مقبوضہ کشمیر کا فوجی محاصرہ ختم کرائے دفتر خارجہ

کشمیرمیں بڑھتی ہوئی انسانیت سوز صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں، ترجمان

انسانی جانیں بچانے کیلیے قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،ترجمان ۔ فوٹو : فائل

پاکستان نے انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بڑھتی ہوئی انسانیت سوز صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔

گزشتہ روز عالمی انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں ایک سال سے زائد جاری فوجی محاصرے کو ختم کرنے اور کشمیریوں تک رسائی میں اپنا کردار ادا کرے جنہیں صحت اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم تنازعات کی روک تھام اور دیرینہ تنازعات اور جنگوں کے پر امن حل کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت کا اعادہ کرتے ہیں۔


ترجمان نے کہا کہ ہم انسانی جانیں بچانے اور تنازعات سے متاثرہ افراد کو تحفظ اور امداد کی فراہمی کے دوران قربانیاں دینے والے ہیو منیٹیرین کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ہم بڑے پیمانے پر مہاجرین کی میزبانی کرنے والے ممالک کا بوجھ اور ذمہ داریاں شیئر کرنے سے متعلق عالمی برادری کے ان اصولوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی عوام نے گزشتہ کئی دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کر کے بہترین سخاوت اور فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم افغان مہاجرین کی دیکھ بھال میں تعاون کرنے پر اپنے شراکت داروں بالخصوص یو این ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے شکر گزار ہیں۔
Load Next Story