لاہور اور شیخوپورہ میں مکان کی چھتیں گرنے سے 6 افراد جاں بحق

چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار۔

چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار۔ فوٹو : فائل

بارش کے باعث مکان کی کچی چھتیں گرنے سے ہربنس پورہ میں 4 جب کہ ملیاں کلاں مریدکے روڑ پر 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے، جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں اسپتال سے ان کے گھر منتقل کردی گئی ہیں جب کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


دوسری جانب شیخوپورہ کے علاقے ملیاں کلاں مریدکے روڑ پر افتخار نامی شخص کے مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں مں 1 بچہ اور خاتون شامل ہیں اور زخمیوں کو طبی امداد دینے کے بعد اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے تاہم ریسکیو 1122 شیخوپورہ کی امدادی ٹیم موقع پر پہنچ کر ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہے۔

ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کی ہے۔ انہوں نے زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے ہدایت بھی کی جب کہ انتظامیہ سے ان واقعات کی رپورٹ طلب کی ہے۔

 
Load Next Story