خودکشی کرنے والی ڈاکٹر ماہا کا اسلحہ فارنسک ٹیسٹ کے لیے ارسال

ڈاکٹر ماہا کے استعمال کردہ اسلحے کی تصدیق کیلیے ڈپٹی کمشنر کو خط


Staff Reporter August 20, 2020
ڈاکٹر ماہا کے استعمال کردہ اسلحے کی تصدیق کیلیے ڈپٹی کمشنر کو خط

گزری میں گھر کے اندر مبینہ خودکشی کرنے والی ڈاکٹر ماہا کی جانب سے استعمال کئے گئے اسلحے کی ویریفکیشن کے لیے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھ دیا گیا ۔

اس سلسلے میں ڈی آئی جی ساؤتھ جاویداکبر ریاض کا کہنا ہے کہ مبینہ خودکشی میں برازیلین ساختہ پستول نائن ایم ایم استعمال ہوئی ہے جس کی ویری فکیشن کے لیے ڈپٹی کمشنر کو پولیس کی جانب سے خط لکھ دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر ماہا مذکورہ مکان میں پندرہ روز قبل ہی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ منتقل ہوئی تھی اور وہ بلاول ہاؤس کے قریب واقع ایک نجی اسپتال میں جاب کرتی تھی جبکہ ان کا آبائی تعلق میرپورخاص سے تھا ۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں نوجوان خاتون ڈاکٹر نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی

ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض نے مزید کہا کہ اسلحہ فارنسک لیبارٹری بھجوادیا گیا ہے جس کی رپورٹ جلد موصول ہو جائے گی ۔

ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ واقعے کی اطلاع ڈاکٹر ماہا کے والد نے پولیس ہیلپ لائن مددگار 15 پر دی تھی ۔

اطلاع ملتے ہی پولیس حکام موقع پر پہنچے اور اور ماہا کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں وہ چند گھنٹے زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی ۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس انتہائی باریک بینی سے تفتیش کررہی ہے اور جلد ہی حقائق سامنے آجائیں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔