شہباز شریف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں طلب

احتساب عدالت کا حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کو بھی آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم


ویب ڈیسک August 21, 2020
احتساب عدالت کا حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کو بھی آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم

احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں شہباز شریف کو 27 اگست کو طلب کرلیا۔

احتساب عدالت لاہور کے ایڈمن جج جواد الحسن نے شہباز شریف اور اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔

عدالت نے شہباز شریف کو 27 اگست کو طلب کرتے ہوئے حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کو بھی آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا، جبکہ سلمان شہباز ، نصرت شہباز ، رابعہ اور جویریہ علی سے الزامات پر وضاحت طلب کرلی۔

نیب نے شہباز شریف اور اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری میں 55 جلدوں پر مشتمل ریفرنس دائر کیا ہے۔

اس ریفرنس میں شہباز شریف ،سلمان، حمزہ ، رابعہ، نصرت شہباز ، نثار احمد ،شاہد رفیق ،یاسر مشتاق ،محمد مشتاق ،آفتاب محمود ،محمد عثمان ،طاہر نقوی،قاسیم قیوم ،فاضل داد عباسی اور علی احمد کو نامزد کیا گیا ہے۔

شہباز شریف اور دیگر کے خلاف چار ملزمان شاہد رفیق ،یاسر مشتاق ،محمد مشتاق اور آفتاب محمود وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔

ریفرنس میں سلمان اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے جبکہ حمزہ گرفتار ہیں اور شہباز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں