آسٹریلیا میں کھدائی کے دوران خام سونے کے دو پتھر دریافت

ساڑھے تین کلو وزنی پتھروں کی مالیت ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر سے زیادہ ہے

ساڑھے تین کلو وزنی پتھروں کی مالیت ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر سے زیادہ ہے، فوٹو : ڈسکوری چینل

جنوبی آسٹریلیا میں سونے کے متلاشی دو افراد کو کھدائی کے دوران 2 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر کی مالیت کے خام سونے کے دو ٹکڑے ملے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سونے کی کھوج میں مصروف عمل مہم جو برینٹ شینن اور ایتھن ویسٹ کو اپنی محنت کا ثمر مل گیا۔ ان دونوں نے سونے کے ذخائر کے لیے مشہور ریاست وکٹوریا کے قصبے تارناگلا میں یہ مہم سر کی۔ اس مہم کو ڈسکوری چینل کے ٹی وی شو '' اوزی گولڈ ہنٹرز'' میں دکھایا گیا۔

برینٹ شینن اور ایتھن ویسٹ نے سونے کے جو دو ٹکڑے دریافت کیے وہ پہلی نظر میں سنہرے پتھر لگتے ہیں اور دونوں کا مجموعی وزن ساڑھے تین کلو کے لگ بھگ ہے جس کی مالیت ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر بنتی ہے۔




سونے کو تلاش کرنے والے مہم جو ایتھن ویسٹ نے سی سی این کو بتایا کہ اپنی معلومات اور تجربے کی مدد سے اس علاقے میں کھدائی کی اور دھاتوں کی کھوج کے لیے استعمال ہونے والے آلے '' میٹل ڈیٹیکٹرز'' کی مدد سے سونا ڈھونڈنا شروع کیا اور حیران کن طور پر ایک ہی دن میں دو بڑے ٹکڑے دریافت کرنے میں کامیاب رہے۔

آسٹریلیا کے قصبے تارناگلا میں رہائش پذیر اکثر افراد سونے کے متلاشی ہیں جو دیگر ممالک سے آکر یہاں آبسے ہیں جب کہ یہاں سونے کی باضابطہ کان کنی 1850 میں شروع ہوئی اور یہ آج ملک ایک اہم شعبہ بن چکا ہے۔

 
Load Next Story