اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف قوانین کے بدلے لکھ کر این آر او مانگا عمران خان

قوم نے جن کو مسترد کیا وہ اپنی چوری چھپانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں، وزیر اعظم


ویب ڈیسک August 21, 2020
2 سال کی محنت کے بعد کڑے وقت سے نکل آئے ہیں اور اب ساری توجہ معیشت پر ہے، وزیراعظم (فوٹو : فائل)

وزیراعظم عمران خان نے حکومت اور پارٹی ترجمانوں کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف قوانین کی منظوری کے بدلے لکھ کر این آر او مانگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں حکومت اور تحریک انصاف کے پارٹی ترجمانوں کا اہم اجلاس ہوا جس میں کابینہ ارکان سمیت پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم کے مشیر بابر اعوان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق قوانین پر اپوزیشن سے مذاکرات سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت ایف اے ٹی ایف کے قوانین کو قومی فریضہ سمجھتی ہے لیکن اپوزیشن نے ان قوانین کی منظوری کی آڑ میں حکومت سے لکھ کر این آر او مانگا۔ قوم نے جن کو مسترد کیا ہے وہ اپنی چوری چھپانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے دو سال تک کڑے وقت، مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور حالات پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد اب حکومت کی پوری توجہ معیشت کی بحالی پر ہے۔

اس اہم اجلاس میں ملک کی تازہ سیاسی اور معاشی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس حوالے سے حکومتی بیانیے پر مشاورت بھی کی گئی علاوہ ازیں مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے وزیراعظم کو ایف اے ٹی ایف قوانین سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔