سعودی عرب میں طوفانی بارشوں اور برفباری سے نظام زندگی درہم برہم سیلابی صورتحال کا خدشہ

مکہ مکرمہ، ریاض، طائف، القنفذہ اور ضلع الیث میں تیز ہوائیں چلنے اور بارشوں کا مزید امکان ہے، سعودی محکمہ موسمیات

طائف اور تبوک کے علاوہ دیگر پہاڑی علاقوں نے برف کی دبیز سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ فوٹو: فائل

سعودی عرب میں گزشتہ 3 روز سے جاری طوفانی بارشوں اور برفباری کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے جبکہ کئی مقامات پر سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔


عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 3 روز سے تیز بارشوں اور بالائی علاقوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے ملک بھر میں خلاف توقع سردی کی شدت میں کافی اضافہ ہوگیا ہے۔ مکہ مکرمہ کے علاوہ الیث گونری الغالہ، غمیقہ، الوسقہ، الشاقہ،خور الزواھر، حفار، ضلع دوقہ، المظیلف، احسبہ اور ضلع قنفذہ میں بھی وقفے وقفے سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اس کے علاوہ طائف اور تبوک کے علاوہ دیگر پہاڑی علاقوں نے برف کی دبیز سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ، ریاض اور ساحلی شہروں ، طائف، القنفذہ اور ضلع الیث میں تیز ہوائیں چلنے اور بارشوں کا مزید امکان ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب ملک میں موسم کی خراب صورت حال کے پیش نظر محکمہ شہری دفاع نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بندرگاہوں، پانی کے ذخائر، برفانی راستوں اور بجلی کے گرڈ اسٹیشنز کے قریب جانے سے سختی گریز کریں۔
Load Next Story