کیتھڈرل چرچ لاہور جہاں 2 ہزار سال پرانی صلیب موجود ہے

ٹیکسلاسے ملنے والی اس صلیب کومقدس توما سے منسوب کیاجاتا ہے


آصف محمود August 23, 2020
ٹیکسلاسے ملنے والی اس صلیب کومقدس توما سے منسوب کیاجاتا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

لاہور کے تاریخی مال روڈ پر واقع کیتھڈرل چرچ میں پہلی صدی عیسوی کی صلیب موجود ہے جسے حضرت عیسی علیہ السلام کے ایک شاگرد سے منسوب کیا جاتا ہے۔

اس چرچ میں 158 سال پرانی گھڑی آج بھی درست وقت بتاتی ہے جبکہ ملکہ برطانیہ کی طرف سے تحفے میں ملنے والی 6 گھنٹیاں بھی نصب ہیں، ڈین آف لاہور پادری شاہد معراج نے بتایا کہ سول سیکریٹریٹ میں واقع مقبرہ انارکلی کو بھی پروکیتھڈرل چرچ کے طورپراستعمال کیاجاتا رہا ہے۔

25 جنوری 1887 کو تعمیر ہونے والا چرچ آف انگلینڈ کے پیروکاروں کی لاہورمیں یہ سب سے بڑی عبادت گاہ ہے جسے کیتھڈرل کا درجہ حاصل ہے۔ مسیحیوں کی اس قدیم عبادت گاہ کو ککڑ گرجا گھر بھی کہا جاتا تھا جس کی وجہ اس چرچ پرنصب مرغ بادنما تھا جسے 1935 میں اتاردیاگیا تھا۔



کیتھڈرل چرچ کے پادری شاہد معراج نے بتایا کہ یہ چرچ فن تعمیرکا شاہکارہے جسے صلیب کی شکل پربنایا گیا ہے، اس کے داخلی دروازے پر 1862 میں بننے والی گھڑیال نصب ہیں جوآج بھی درست وقت بتاتی ہیں، یہاں ایک ستون میں ایک جب کہ دوسرے میں چھ گھنٹیاں نصب ہیں جو عبادت کے لئے مینیول طریقے سے بجائی جاتی ہیں، ساؤتھ ایشیا میں یہ واجد چرچ ہے جہاں یہ گھنٹیاں آج بھی درست حالت میں ہیں، یہ گھنٹیاں چرچ کی خواتین ممبرزنے ڈونیشن جمع کرکے خریدی تھیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 1935 میں محکمہ آثارقدیمہ کو ٹیکسلامیں کھدائی کے دوران ایک مقدس صلیب ملی تھی جسے مقدس توما کی صلیب بھی کہا جاتا ہے یہ صلیب پہلی سے تیسری صدی عیسوی کی ہے جسے حضرت عیسی علیہ السلام کے شاگرد سے منسوب کیاجاتا ہے۔

پادری شاہد معراج نے بتایا کہ یہ دعوی درست نہیں کہ اس خطے میں مسیحیت انگریزوں کے آمد سے شروع ہوئی تھی، پہلی صدی عیسوی میں یہاں مسیحیت کے شواہد ملے ہیں۔



اس کیتھڈرل کی ایک اور خاصیت یہاں موجود پائیپ آرگنز ہیں جنہیں چرچ سروسز کے دوران استعمال کیا جاتا تھا لیکن اب یہ ساز کار آمد نہیں رہے ہیں۔

پادری شاہد معراج کے مطابق اس پائپ آرگنزمیں مجموعی طورپرساڑھے گیارہ ہزارپائپ استعمال کیے گئے ہیں جن میں سب سے بڑا پائپ 35 فٹ جب کہ سب سے چھوٹا آدھے انچ کا ہے۔



اس کیتھڈرل چرچ کا آغاز سول سیکرٹریٹ میں واقع انارکلی کے مقبرے سے ہوا تھا جسے سینٹ جیمس چرچ یا پروکیتھڈرل چرچ کا درجہ دیا گیا تھا، جب چرچ کی موجود عمارت تعمیرہوگئی توانارکلی کے مقبرے سے چرچ کو یہاں منتقل کردیا گیا۔

کیتھڈرل کی عمارت 225فٹ طویل اور 152فٹ چوڑی ہے اس کے مینار نما کمروں کی اونچائی 65فٹ ہے گرجا مال روڈ سے قدرے اونچا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔