چوتھے روز بھی کھیل بار بار خراب موسم سے متاثر ہوا۔ (فوٹو، آئی ایس آئی)
تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں 273 پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہونے والی پاکستانی ٹیم چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں بار بار موسم کی مداخلت کے بعد دو وکٹوں کے نقصان پر صرف 100 کا اسکور مکمل کرسکی۔
پاکستان کی دوسری اننگز میں اوپننگ بلے بازوں شاہ مسعود اور عابد علی پہلے سیشن میں وکٹ پر جمے رہے۔ اس دوران بارش ہونے کے باعث کھیل روک دیا گیا۔ تیز بارش کے باعث کھیل تین گھنٹے تک معطل رہنے کے بعد شروع ہوا تو انگلینڈ کو پہلی کام یابی حاصل ہوئی۔ انگلش پیسر اسٹارٹ بروڈ نے شان مسعود کو 18 رن پر ایل بی ڈبلیو کردیا اور پہلی وکٹ کی شراکت داری 23.3 اوورز میں 49 رنز پر ختم ہوگئی۔
اس کے بعد کپتان اظہر علی نے اپنی اننگزشروع کی اور دوسری جانب عابد علی انگلش بلے بازوں کا سامنا کرتے رہے۔ اس شراکت داری میں رن ریٹ خاصہ کم رہا تاہم 26.1 اورز کے بعد اینڈریسن مضبوط ہوتی اس شراکت توڑنے میں کام یاب ہوگئے اور انہوں ںے 162 گیندوں پر 42 رن بنانے والے اوپننگ بلے باز عابد کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ یہ اینڈریسن کی ٹیسٹ کرکٹ میں 599ویں وکٹ تھی اور اب وہ 600 کے سنگ میل سے صرف ایک وکٹ دور رہ گئے ہیں۔
دوسری وکٹ گرنے کے بعد بابر اعظم کپتان اظہر علی کے ساتھ شراکت کے لیے وکٹ پر آئے تاہم خراب موسم، کم روشنی اور بعد ازاں بارش کے بعد 6.1 اوورز تک ہی یہ کھیل آگے بڑھ سکا۔
چوتھے روز کا کھیل ختم ہونے پر دو وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کا مجموعی اسکور 100 رہا۔ کپتان اظہر علی 29 اور بابر اعظم 4 اسکور کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن بھی خراب موسم نے بار بار مداخلت کی اور پاکستان کی دوسری اننگز میں 56 اوورز کا کھیل ہوا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 583 رنز کا مشکل ترین اسکور کیا جس کے جواب میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 273 رنز تک ہی محدود رہی۔ کپتان اظہر علی اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ اظہر علی نے مشکل صورتحال میں 141 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ محمد رضوان 53 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
یہ پڑھیں : اظہرعلی کے ٹیسٹ کرکٹ میں 6 ہزار رنز مکمل
پاکستان کے 6 کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 14 رنز بنائے۔ 11 سال بعد موقع پانے والے فواد عالم بھی صرف 22 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ پاکستانی بیٹنگ لائن کے سب سے مضبوط کردار بابراعظم بھی صرف 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اسد شفیق کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ان کی اننگز 5 رنز تک محدود رہی۔ شان مسعود 4، عابد علی 1 اور یاسر شاہ 20 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔
بالنگ سائیڈ میں انگلش بالر اینڈریسن چھائے رہے، انہوں ںے پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے، 23 اوور کرائے اور محض 56 رنز دیے۔ براڈ نے دو، مارک بیس اور ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جب کہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔
واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔