خواہش ہے کہ آئندہ کبڈی ورلڈ کپ کا انعقاد لاہور میں کیا جائے، شہباز شریف فوٹو: ایکسپریس نیوز
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کو دوستانہ تعلقات برقرار رکھنے چاہئے کیونکہ دونوں ملکوں کے پاس اچھے ہمسائے کی طرح رہنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔
کبڈی ورلڈ کپ فائنل کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف میچ دیکھنے کے لئے بھارتی پنجاب کے شہر لدھیانہ پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اس موقع پر تقریب سے پہلے اردو اور پھر پنجابی میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کو اچھے ہمسائے کی طرح تجارتی تعلقات کے علاوہ تعلیم، کھیل اور دیگر شعبوں میں بھی بہتر تعلقات قائم کرنے چاہئے اور یہی دونوں ملکوں کے عوام کی دلی خواہش بھی ہے۔ انہوں نے آئندہ کبڈی ورلڈ کپ لاہور میں کرانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے ہی دونوں ممالک کے درمیان دوریوں کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ شہباز شریف نے اپنے ہم منصب کے علاوہ بھارتی عوام کو لاہور آنے کی دعوت بھی دی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کبڈی ورلڈ کپ جیت گیا تو ہمارا ہمسایہ جیتے گا اور ہم مبارکباد دیں گے اور اگر پاکستان نے کامیابی حاصل کی تو بھارت کا ہمسایہ جیتے گا اور بھارتی عوام پاکستان کو مبارکباد دیں، اگر ایسا جذبہ رہا تو عوام کو قریب آنے کا موقع ملے گا۔