کاروباری برادری کو یورپی منڈیوں میں رسائی کیلئے سہولت دیں گے اسحاق ڈار

یورپی ملکوں کی طرح امریکا سے بھی تجارت بڑھانے کیلئے بات چیت جاری ہے، اسحاق ڈار


ویب ڈیسک December 14, 2013
اس وقت سالانہ مالیاتی خسارہ 8.8 فیصد ہے جسے آئندہ چار سال میں کم کرکے 4 فیصد پر لے آئیں گے، اسحاق ڈار فوٹو: فائل

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ حکومت اقتصادی سرگرمیوں میں بہتری کے لئے کوشاں ہے اور جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد پاکستانی مصنوعات بغیر کسی پابندی کے یورپی منڈیوں میں پہنچ سکیں گی۔


لاہور میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ کاروباری برادری کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لئے حکومت سہولت دے گی، جی ایس پی پی پلس کا درجہ حاصل کرنا حکومت کی کامیابی اور وزارتوں کی کارکردگی کا نتیجہ ہے، یورپی ملکوں کی طرح امریکا سے بھی تجارت بڑھانے کے لیے بات چیت جاری ہے جبکہ وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستانی مصنوعات کی امریکی منڈیوں میں رسائی مانگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی بحران کے حل کےلئے بھرپور کام کررہی ہے، سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دی جارہی ہیں اور صنعت کاروں کو تجارت بڑھانے کے لئے بھی ہر قسم کی سہولت دی جائے گی۔


ملک کی اقتصادی صورتحال کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت اقتصادی سرگرمیوں میں بہتری کے لئے کوشاں ہے، اس وقت سالانہ مالیاتی خسارہ 8.8 فیصد ہے جسے آئندہ چار سال میں کم کرکے 4 فیصد پرلے آئیں گے۔ انہوں نے ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے حوالے سے کہا کہ جن شہریوں کے پاس ڈالر ہیں وہ اسے کیش کرالیں کیونکہ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کو جلد 1998 اور 1999 کی طرح نیچے لے آئیں گے۔ اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ داسو اور بھاشا ڈیم کی تعمیر آئندہ سال شروع کی جائے گی اورعالمی بینک فروری میں داسو ڈیم کےلیے 700 ملین ڈالر فراہم کردے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں