مردم شماری کی حتمی فہرست ملنے تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکتے نثار کھوڑو

بلدیاتی نظام کی مدت پوری ہونے کے بعد الیکشن کمیشن پر 120دنوں میں بلدیاتی انتخابات کروانا لازم ہے، صدر پی پی سندھ

کیماڑی کو ضلع بنانے پر لسانیت کا شور سمجھ سے بالا تر ہے، صدر پیپلز پارٹی سندھ(فوٹو، فائل)

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ جب تک مردم شمار کی حتمی فہرست جاری نہیں ہوتی بلدیاتی انتخابات بھی نہیں ہو سکتے۔

اتوار کو پیپلز سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں ساتویں ضلع پر اعتراض کرنے والے تعصب پھیلا رہے ہیں کیوں کہ جب آمر پرویز مشرف کے دور میں کراچی کو 18 ٹاؤن میں تقسیم کیا گیا تو اس وقت ایم کیو ایم اور ان کے آج کے دھڑے سب خوشی میں ڈھول بجا رہے تھے۔ اب کراچی میں ساتویں ضلعے پر اعتراض کیوں کیا جا رہا ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کے 45لاکھ لوگوں کی آبادی والے علاقوں سے کیماڑی کو ضلع بنایا جا رہا ہے تو اس پر لسانیت کی باتیں کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ 28 اگست کو بلدیاتی نظام کی مدت پوری ہونے کے بعد الیکشن کمیشن پر لازم ہے 120دنوں میں بلدیاتی انتخابات کرائے۔ انہوں نے کہا کے الیکشن کمیشن نے تاحال مردم شماری کی حتمی لسٹ کا اجراء نہیں کیا ہے اور جب تک لسٹ نہیں ملتی تب تک انتخابات کرانے سے قاصر ہیں۔ مردم شماری کی حتمی لسٹ کے اجراء کے لئے الیکشن کمیشن کو بھی خط لکھے ہیں اور عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب تک آئین اور پارلیمانی جمھوری نظام یےتب تک ملک میں صدارتی نظام نہیں آسکتا۔ وزیراعظم عمران خان کیسے چاہے گا کے وہ وزیراعظم نہ رہے اور عارف علوی صدارتی نظام چلائے۔ پرویز مشرف جیسا آمر آئے تب ہی صدارتی نظام آسکتا ہے ورنہ آئین میں صدارتی نظام کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

 
Load Next Story