ٹریفک حادثات و واقعات میں خاتون سمیت5 افراد ہلاک2زخمی

نارتھ ناظم آباد میں گاڑی نے پہاڑ گنج کی رہائشی 45سالہ سیما کو کچل دیا، نارتھ کراچی میں محنت کش مکان کی چھت سے گرگیا


Staff Reporter December 15, 2013
گاڑیوں کی ٹکر سے نیو کراچی میں فریدہ اور یوپی موڑ پر نصیب خان زخمی ہوگیا۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات و واقعات میں خاتون سمیت5 افراد ہلاک اور خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شارع نورجہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد شب اونر کالج کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے45سالہ سیما زوجہ فرانسس مسیح ہلاک ہو گئی، متوفیہ کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی ، ایس ایچ او شارع نورجہاں سب انسپکٹر طارق محمود نے بتایا کہ متوفیہ پہاڑ گنج کی رہائشی تھی حادثے کا ذمے دار ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ، عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ دودھ سپلائی کرنے والے مزدا ٹرک نے خاتون کو کچل کر ہلاک کیا تھا ، نیو کراچی اﷲ والی چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے45سالہ فریدہ زوجہ اقبال اور نیو کراچی یوپی موڑ پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے25 سالہ نصیب خان ولد وکیل خان زخمی ہو گئے ، زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ،

محمود آباد کے علاقے اعظم بستی100فٹ روڈ گلی نمبر9کے رہائشی10سالہ شان ولد منیر نے گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خود کشی کر لی متوفی کی لاش جناح اسپتال لائی گئی ، ایس ایچ او محمود آباد انسپکٹر سرور کمانڈ نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا، نارتھ کراچی سکیٹر5/M میں کام کے دوران45سالہ محنت کش عبد السلام ولد امام بخش پر اسرار طور پر چھت سے گر کر ہلاک ہو گیا متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی جہاں سے موت کی تصدیق کے بعد لاش ورثا پولیس کارروائی کے بغیر لے گئے ، پولیس کے مطابق متوفی سرجانی ٹاؤن کا رہائشی تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق بہاولپور سے تھا ، گڈانی میں ساحل سمندر سے30سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچایا ، پولیس کے مطابق لاش10روز سے زائد پرانی اور ناقابل شناخت ہے ، اسٹیل ٹاؤن کے علاقے نیشنل ہائی وے سے متصل قائد آعظم پارک کی جھیل میں26 سالہ نامعلوم نوجوان ڈوب کر ہلاک ہو گیا متوفی کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی ، پولیس کے مطابق متوفی کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں