پیپلز پارٹی نے انتخابات سے قبل آرڈیننس جاری کرکے پری پول رگنگ کی ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

پیپلز پارٹی کم آبادی والی یونین کونسلوں کے ذریعے اپنا میئر لانا چاہتی ہے، کنور نوید جمیل


ویب ڈیسک December 15, 2013
اگر پیپلز پارٹی کراچی کے وسائل کو اپنا سمجھتی ہے تو کراچی کے لوگوں کو بھی اپنا سمجھے، رکن ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کنور نوید جمیل فوٹو: ایکسپریس نیوز

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات سے ترمیمی آرڈیننس لا کر پری پول رگنگ کی ہے۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن کنور نوید جمیل نے رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین کے ہمراہ نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بلدیاتی انتخابات میں ہمیں نقصان پہنچانے کی سازش کررہی ہے اور اختیارات کے غلط استعمال سے نمائندگی ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن پیپلز پارٹی کے پاس شہری علاقوں کا مینڈیٹ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے آرڈیننس جاری کرکے پری پول رگنگ کی، ڈپٹی کمشنر کو دیہی علاقوں کو شہری علاقوں میں شامل کرنے کا اختیار دینا سراسر زیادتی ہے، کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کے لئے یونین کونسلز کو ختم کیا گیا اور اب کم آبادی والی یونین کونسلوں کے ذریعے اپنا میئر لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی کراچی کے وسائل کو اپنا سمجھتی ہے تو کراچی کے لوگوں کو بھی اپنا سمجھے، سندھ حكومت گزشتہ 5 سال کے دور اقتدار میں كراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ كے شہری علاقوں كے ساتھ تواتر سے زیادتیاں كرتی رہی۔ انھوں نے كہا كہ ہم حكومت سندھ كو متنبہ كرتے ہیں كہ وہ سركاری اختیارات كا ناجائز استعمال كركے سندھ كے شہری عوام كو احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور نہ كرے، اگر ایسا ہوا تو اس کے نتائج اچھے نہیں نکلیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں