نادرا سے زکوٰۃ سہولت کارڈ معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ

جلد عملی قدم اٹھایا جائے گا، سندھ حکومت نے فیصلہ اعتراضات اورمستحقین کو درپیش مشکلات کے پیش نظرکیا، دوست محمد


Numainda Express December 15, 2013
زکوٰۃ سہولت کارڈ کے ذریعے مستحقین کو گزارا الاؤنس کی فراہمی ماضی کے نسبت دشوار ہو گئی ہے، فوٹو: فائل

صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر دوست محمد راہموں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اعتراضات اور مستحقین کو درپیش مشکلات کے پیش نظر گزارا الائونس کیلیے زکوٰۃ سہولت کارڈ سے متعلق نادرا سے کیا گیا معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے لیے جلد عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

سرکٹ ہاؤس حیدرآباد میں ضلعی زکوٰۃ کمیٹی کی جانب سے مستحقین میں رقم کی تقسیم کیلیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ زکوٰۃ سہولت کارڈ کے ذریعے مستحقین کو گزارا الاؤنس کی فراہمی ماضی کے نسبت دشوار ہو گئی ہے کیونکہ نادرا کی سست روی کے باعث پسماندہ علاقوں کے مستحقین کو کافی مشکلات کا سامنا ہے، ضلعی زکوٰۃ چیئر مینوں کی سفارشات پر وزیر اعلی سندھ نے ایک اجلاس میں تمام صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا کہ زکوٰۃ سہولت کارڈ سے متعلق نادرا سے کیا گیا معاہدہ فوری طور ختم کیا جائے اور گزارا الاؤنس دینے کی ذمے داری دوبارہ لوکل زکوٰۃ چیئرمینوں کے حوالے کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے لوکل زکوٰۃ چیئرمینوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں حقیقی مستحقین کی نشاندہی کریں تاکہ زکوٰۃ کی رقم شفاف طریقے سے تقسیم جا سکے۔

انھوں نے بتایا کہ ماضی میں بچیوں کو جہیز کی مد میں 10 ہزار روپے دیے جاتے تھے جبکہ اب یہ رقم دگنی کردی گئی ہے۔ صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز جام خان شورو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بلا تفریق عوام کی خدمت کی ہے اور زکوٰۃ کی تقسیم بغیر کسی سیاسی مداخلت کے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پارٹی منشور کے مطابق سستی بستی کا اعلان کیا ہے اور اس منصوبے کے تحت غریب افراد کو مفت پلاٹ اور رہائشی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

ضلعی چیئرمین زکوٰۃ کمیٹی شیر محمد پیر زادہ نے کہا کہ زکوٰۃ سہولت کارڈ کے ذریعے گزارا الاؤنس حاصل کرنے میں مستحقین کو کافی دشواریاں پیش آرہی ہیں جبکہ ماضی میں رائج نظام کے تحت مستحقین کو براہ راست چیک دیے جاتے تھے اور انہیں گھر بیٹھے رقم مل جاتی تھی۔ انھوں نے کہا کہ اب تک حیدرآباد کے 3200 افراد کو زکوٰۃ سہولت کارڈز جاری کیے گئے ہیں جبکہ 900 کارڈز تیاری کے آخری مرحلے میں ہیں۔ آج کی تقریب میں حیدرآباد کی 44 بچیوں کو جہیز کی مد میں فی کس 20ہزار روپے، 27 مستحقین کو گزارا الاؤنس کی مد میں فی کس 5ہزار روپے اور محکمہ فلاح وبہبود کے ماتحت دو خصوصی اداروں کو 3 لاکھ 56 ہزار روپے کے چیک دیے گئے ہیں۔ تقریب میں چیئر مین زکوٰۃ کونسل سندھ جسٹس ریٹائرڈ زاہد قربان علوی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے گونمنٹ ڈگری کالج کالی موری کا بھی دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے مستحقین طلباء میں زکواۃ چیک تقسیم کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں