انگلش ٹیم کی کوچنگ سنبھالنے پر اظہر محمود کو غداری کے طعنے ملنے لگے

جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دوسرا کوچ بھی وہ معلومات بتا سکتا ہے جو میں ٹیم کا حصہ ہونے کی وجہ سے جانتا تھا، اظہر محمود


Abbas Raza August 28, 2020
انگلش ٹیم میں اظہر محمود کو باؤلنگ کے شعبے میں معاون اسٹاف کے طور پر لیا گیا ہے، فوٹو : فائل

MUMBAI: معروف آل راؤنڈر اور قومی ٹیم کے سابق بولنگ کوچ پاکستان ہی کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے حریف انگلش ٹیم کے باؤلنگ کے شعبے میں معاون اسٹاف شامل کیے گئے ہیں جس پر انہیں غدار ہونے کا طعنہ دیا جا رہا ہے۔

آل راؤنڈر اظہر محمود قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے کے علاوہ پاکستانی ٹیم میں باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں، حال ہی میں اظہر محمود نے انکشاف کیا کہ وہ حریف انگلش ٹیم کے باؤلرز کی تربیت کریں گے جس کے لیے انہیں انگلش ٹیم میں معاون اسٹاف کے طور پر ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔

ایک انٹرویو میں اظہر محمود نے شکوہ کیا کہ انگلش ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر پاکستانی شائقین مجھے غدار کہہ رہے ہیں اور اپنے غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

اظہر محمود نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ میں پاکستان کے ڈریسنگ روم اور کھلاڑیوں کے بارے میں اندر کی معلومات رکھتا ہوں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ آج کل ہر پلیئر کے بارے میں جاننے کے لیے ٹیکنالوجی بھی میسر ہے اور اینالسٹ بہت کچھ بتا سکتا ہے۔

اظہر محمود نے مزید کہا کہ بہرحال ایک پروفیشنل کے طور پر انگلش ٹیم کو گرین شرٹس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی کوشش کروں گا، امید ہے کہ یہ ان کے لیے کارآمد ثابت ہوں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں