
شہر قائد میں بارشوں نے بلدیاتی اداروں سمیت کے الیکٹرک حکام کے دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی، کئی علاقے تا حال بجلی سے محروم ہیں، لوگوں کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے اور بجلی نہ ہونے سے شہری پانی کی بوند بوند کو بھی ترس گئے ہیں جب کہ شہریوں کا احتجاج بھی کسی کام نہ آسکا۔
رامسوامی کے علاقے کوئٹہ والا اسکوائر میں 4 دن سے بجلی غائب ہے جب کہ کورنگی، لانڈھی، سرجانی ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں گھنٹوں بجلی غائب ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے عدالتوں اور سرکاری دفاتر میں بھی کام ٹھپ ہوکررہ گیا ہے اور لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کے الیکٹرک کے کچھ گرڈ اسٹیشنز میں برساتی پانی کی نکاسی نہیں ہوئی، پانی جمع ہونے سے بحالی کے کام میں دشواری کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جس طرح چارجز کی مد میں بھاری رقم وصول کی جاتی ہے، اسی طرح کے انتظامات کا بھی بندوبست بھی کیا جائے، ہمارا مطالبہ ہے کہ حکام کے الیکٹرک کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پابند کریں اور ہمیں اس اذیت سے چھٹکارا دلائیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔