کراچی کے کئی علاقے 4 روز بعد بھی بجلی سے محروم زندگی اجیرن

جس طرح چارجز کی مد میں بھاری رقم وصول کی جاتی ہے اسی طرح کے انتظامات بھی کیے جائیں، شہری پھٹ پڑے


Express News August 31, 2020
کچھ دفاتر میں برساتی پانی کی نکاسی نہیں ہوئی جس کے باعث تاخیر کا سامنا ہے، ترجمان کے الیکٹرک ۔ فوٹو : فائل

بارشوں کے بعد کراچی شہر کے بیشتر علاقوں میں 4 دن سے بجلی غائب ہے اور لوگوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے، پینے کے پانی کی بوند بوند کو بھی ترس گئے ہیں۔

شہر قائد میں بارشوں نے بلدیاتی اداروں سمیت کے الیکٹرک حکام کے دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی، کئی علاقے تا حال بجلی سے محروم ہیں، لوگوں کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے اور بجلی نہ ہونے سے شہری پانی کی بوند بوند کو بھی ترس گئے ہیں جب کہ شہریوں کا احتجاج بھی کسی کام نہ آسکا۔

رامسوامی کے علاقے کوئٹہ والا اسکوائر میں 4 دن سے بجلی غائب ہے جب کہ کورنگی، لانڈھی، سرجانی ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں گھنٹوں بجلی غائب ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے عدالتوں اور سرکاری دفاتر میں بھی کام ٹھپ ہوکررہ گیا ہے اور لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کے الیکٹرک کے کچھ گرڈ اسٹیشنز میں برساتی پانی کی نکاسی نہیں ہوئی، پانی جمع ہونے سے بحالی کے کام میں دشواری کا سامنا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ جس طرح چارجز کی مد میں بھاری رقم وصول کی جاتی ہے، اسی طرح کے انتظامات کا بھی بندوبست بھی کیا جائے، ہمارا مطالبہ ہے کہ حکام کے الیکٹرک کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پابند کریں اور ہمیں اس اذیت سے چھٹکارا دلائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں